پی ٹی آئی حکومت میں پی سی بی سے ملازمین کی چھٹی کےلئے فہرستیں تیار

فہرست میں واضح کیا جا رہا ہے کہ کون کس کا سفارشی ہے، ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 30 اگست 2018 14:01

پی ٹی آئی حکومت میں پی سی بی سے ملازمین کی چھٹی کےلئے فہرستیں تیار
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30اگست 2018 ء) نئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے انتخاب سے قبل بورڈ ملازمین کی فہرستیں تیار کرلی گئیں، اضافی ملازمین کی چھٹی کردی جائے گی۔ذرائع کے مطابق پی سی بی کے ہیومن ریسورس( ایچ آر) ڈیپارٹمنٹ نے مختلف شعبوں میں کام کرنے والے ملازمین کی لسٹیں تیار کرنا شروع کر دی ہیں، فہرست میں واضح کیا جا رہا ہے کہ کون کس کا سفارشی ہے، سابق چیئرمین نجم سیٹھی کی قربت کی وجہ سے بورڈ میں جگہ بنانے والے ملازمین نے ملازمتیں بچانے کے لیے سفارشیوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

واضح رہے کہ چند ملازمین خود ہی جانے کا فیصلہ کرچکے تاہم اب بھی کئی بورڈ میں موجود ہے۔ گزشتہ روز پی سی بی ہیڈ کوارٹرز میں نئے متوقع افسران کے کمروں کی صفائی ستھرائی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے پریس کانفرنس روم میں بھی رنگ و روغن مکمل کر لیا گیا ہے ۔یاد رہے کہ پی سی بی کے الیکشن کمشنر جسٹس (ر) افضل حیدر نے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کے بعد نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے شیڈول کا اعلان کر دیا،اس حوالے سے خصوصی اجلاس4 ستمبر کو قذافی سٹیڈیم، لاہور میں ہوگا جہاں الیکشن کمشنر جسٹس(ر) افضل حیدر، ڈپٹی الیکشن کمشنر احمد شہزاد فاروق رانا کے ہمراہ کارروائی مکمل کریں گے۔

شیڈول کے مطابق امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی صبح11 سے ساڑھے11 بجے تک جمع کرا سکیں گے جس کے بعد اعتراضات داخل کرنے اور فارمز کی اسکروٹنی کا عمل مکمل کیا جائے گا، اعتراضات کی سماعت 12بجے ہوگی، نصف گھنٹے بعد امیدوار اگر چاہیں تو اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، امیدواروں کی حتمی فہرست ایک بجے جاری کی جائےگی، چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کے لیے گورننگ بورڈ ارکان کی ووٹنگ کا عمل ڈیڑھ بجے ہوگا۔