Live Updates

حکومت نے ہالینڈ میں توہین آمیز خاکوں پر نوٹس لے لیا ہے،دفتر خارجہ

او آئی سی کو خط لکھ دیا گیا،ستمبر میں وزرائے خارجہ کانفرنس میں معاملے کو بھر پور طریقے سے اٹھائیں گے،ہالینڈ کے ناظم الامور کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا ،فی الحال سفیر بدری کا معاملے پر فیصلہ نہیں ہوا،ڈاکٹر فیصل پاک امریکہ حکام کی گفتگو تنازع سے گریز کرتے ہوئے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ،مقبوضہ وادی میں سید صلاح الدین کے بیٹے کو گرفتار کر لیا گیا ہے،ہفتہ وار پریس بریفنگ

جمعرات 30 اگست 2018 17:03

حکومت نے ہالینڈ میں توہین آمیز خاکوں پر نوٹس لے لیا ہے،دفتر خارجہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اگست2018ء) ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پمپیو کی گفتگو کے تنازع سے گریز کرتے ہوئے سیاسی طور پر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ۔ گزشتہ روز دفترخارجہ میں میڈیا سے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ پاکستان ہالینڈ میں توہین آمیز خاکوں پر سنجیدگی سے نوٹس لیا ہے اور اس معاملے کو او آئی سی میں اٹھانے کا فیصلہ کرتے ہوئے او آئی سی کو خط لکھ دیا ہے۔

پاکستان آیندہ ماہ ستمبر میں وزراے خارجہ کی کانفرنس میں بھی اس معاملے کو اجاگر کرے گا۔اس سلسلے میں وزیر خارجہ نے پاکستان میں تعینات ہالینڈ کے ناظم الامور کو دفترخارجہ طلب کرکے اس معاملے پر شدید احتجاج کیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہالینڈ کے سفیر کو ملک بدرکرنے کے معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے کشمیر ی رہنما سید صلاح الدین کے بیٹے کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت سے آگاہ کرتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ ہفتے میں بھارتی افواج نے 10 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا، بھارتی افواج کی جانب سے پیلٹ گنز کیاستعمال کی مذمت کرتے ہیں۔

ڈاکٹر فیصل نے حریت رہنماؤں کی غیر قانونی نظر بندی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حریت رہنماؤں کی بگڑتی صحت کی صورتحال پر بھی تشویش ہے، عالمی برادی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔ترجمان دفتر خارجہ نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی اشتعال انگیزی پر شہری کی شہادت پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزیدبتایا کہ او آئی سی اجلاس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی پاکستان کی نمائندگی کریں گے، وہ اجلاس میں توہین آمیز خاکوں کا معاملہ اٹھائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی گفتگو کے تنازعے پر بات کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان میں اس تنازع کو اب ختم ہوجانا چاہیے، پاکستان سیاسی طور پر آگے بڑھنا چاہتا ہے، وزیر خارجہ اس معاملے پر بات کرچکے ہیں لہٰذا وزیراعظم اور امریکی وزیر خارجہ میں گفتگو کے معاملے پر مزید بات نہیں کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ سے جب سوال کیا گیا کہ امریکا نے وزیراعظم عمران خان اور امریکی وزیرخارجہ کی گفتگو کا ٹرانسکرپٹ پاکستان کو دیاہی اس پر ڈاکٹر فیصل نے جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار کہہ دیا ہے کہ معاملہ ختم، آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ چاہ بہار اور گوادر اعزازی بندرگاہیں ہیں، ہمیں چاہ بہار میں بھارت کی موجودگی سے فرق نہیں پڑتا، ہمیں اکٹھے آگے بڑھنا ہے، وہاں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا ایک مضبوط دوست ہیں ، پاک، چین دوستی کو آئرن برادر کا خطاب دیا گیا ہے، سی پیک چین کا فلیگ شپ منصوبہ ہے جب کہ پاک بھارت تجارت بڑا مسئلہ ہے، تجارتی راہداری یا پوائنٹ اس معاملے کا چھوٹا حصہ ہیں، پاک بھارت تعلقات میں وسیع خلیج پاٹنے کی کوشش کی جارہی ہے، کرتار پورہ اسی سلسلے کی کڑی ثابت ہو سکتا ہے۔پاکستان میں ایرانی اور جاپانی وزیر خارجہ کا دورہ کرنا ایک مثبت عمل ہے۔

وہ وزیراعظم عمران خان اور شاہ محمود قریشی سمیت دیگر پاکستانی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ عافیہ صدیقی کے معاملے پر کوئی نئی معلومات نہیں ہے تاہم اس معاملے میں پاکستان کا موقف واضع ہے۔ ترجمان نے غزنی حملے سے متعلق افغانستان کے بیانات کو محض الزام قرار دیا۔وزیر اعظم عمران خان نے ایک خصوصی پیغام میں دہشت گردی میں جاں بحق ہونے والوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

انہوںنے بتایا کہ الجزیر ہ ٹی وی نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ڈاکیومنٹر ی نشر کی ہے ، جس کے بعد بھارت نے کشمیر میں الجزیرہ ٹی وی کی نشریات بھی بند کردیں ہیں۔پاکستان کو حریت راہنمائوں کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی تشویش ہے۔شنگھائی تعاون تنظیم کا مکمل رکن بننے کے بعد پاکستان نے پہلی مرتبہ ایس سی او کے تحت فوجی مشقوں میں حصہ لیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات