ملی یکجہتی کونسل سندھ کے تحت گستاخانوں کے خلاف 7ستمبر کو سندھ بھر میں مظاہرے کیے جائیںگے

31اگست کو سندھ بھر کی مساجد اور امام بارگاہوں میں خطیب و ائمہ حضرات ختم نبوت اور شان رسالت ؐ کے موضوعات پر خطاب کریں گے اوآئی سی کا اجلاس بلایا جائے ،ْعالم اسلام متحد ہوکر توہین آمیز خاکوں کے خلاف فوری اقدام کرے ۔اسد اللہ بھٹو ودیگر کا مشترکہ بیان

جمعرات 30 اگست 2018 22:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2018ء) ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر و نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو ، ملی یکجہتی کونسل سندھ کے جنرل سکریٹری قاضی احمد نورانی ، علامہ ناظر عباس تقوی، عقیل انجم قادری اور دیگر رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ہالینڈمیں گستاخانوںخاکوں کے مقابلوں کے خلاف مرکزی فیصلے کے مطابق 31اگست کے بجائے 7ستمبر کوپورے ملک بھر کی طرح سندھ میں بھی مظاہرے کیے جائیں جبکہ 31اگست کو سندھ بھر کی مساجد اور امام بارگاہوں میں خطیب و ائمہ حضرات ختم نبوت ؐاور شان رسالت ؐ کے موضوعات پر خطاب کریں گے اوراس موضوع پر قراردادیں بھی منظور کی جائیں گی۔

ملی یکجہتی کونسل کے رہنماؤں نے کہاکہ عالم اسلام کو متحد ہوکر ہالینڈمیں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کو روکنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل مرتب کرنا چاہیئے ۔

(جاری ہے)

او آئی سی کا اجلاس بلا کر اس حوالے سے فوری اقدام کرنے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ گستاخانہ خاکوں پر مسلمانوں کا احتجاج فطری امر ہے ،ناموس رسالت ؐ ہمارے ایمان کا حصہ ہے ،مغرب ہوش کے ناخن لے ،آزادی اظہار کا مطلب ہرگز یہ نہیں کہ مقدس ہستیوں کی توہین کی جائے ،ہولو کوسٹ پر با ت کرنا جرم اور توہین رسالت ؐکی آزادی ،مغرب دوغلی پالیسی سے باز آجائے ، دنیا کو منظم سازش کے تحت تہذیبوں کے تصادم کی جانب دھکیلا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ توہین آمیز خاکوں کے مقابلے کے اعلان سے امت مسلمہ کی دل آزاری کی جارہی ہے یہی وجہ ہے کہ لوگ احتجاج کے لیے سڑکوں پر آرہے ہیں ۔حکومت کو چاہیئے کہ اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے سفارتی سطح پر پالینڈ حکومت سے بھرپور احتجاج کرے اور جب تک ہالینڈ کی حکومت اس مقابلے کی منسوخی کا اعلان نہ کرے اس سے تجارتی و سفارتی تعلقات ختم کیے جائیں۔