Live Updates

حکومت پانی کی قلت، آلودگی، درختوں کی کٹائی اور جنگلات کے تحفظ جیسے چیلنجز نمٹنے کے لئے تیار ہے ،ْملک امین اسلم

خیبرپختونخوا کی طرز پر پورے ملک میں 10 بلین ٹری سونامی کا منصوبہ شروع کیا جائے گا، 2 ستمبر کو ملک گیر شجرکاری مہم کے تحت 15 لاکھ پودے لگائے جائیں گے،مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی کی پریس کانفرنس گلو کار سلمان احمد کی ماحولیات کے تحفظ و فروغ کے حوالے سے اپنی خدمات کی پیشکش

جمعرات 30 اگست 2018 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2018ء) مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ حکومت پانی کی قلت، آلودگی، درختوں کی کٹائی اور جنگلات کے تحفظ جیسے چیلنجز نمٹنے کے لئے تیار ہے، خیبرپختونخوا کی طرز پر پورے ملک میں 10 بلین ٹری سونامی کا منصوبہ شروع کیا جائے گا، 2 ستمبر کو ملک گیر شجرکاری مہم کے تحت 15 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔

جمعرات کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کر تے ہوئے انہوںنے کہا کہ پاکستان میں پانی کی کمی ایک بڑا چیلنج ہے، ماضی کی حکومتوں نے اس جانب توجہ نہیں دی جس سے اس مسئلہ نے سنگین صورتحال اختیار کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جنگلات کا رقبہ مسلسل کم ہو رہا ہے، جنگلات کی کٹائی کا تناسب بہت زیادہ ہے، بڑے شہروں میں بالخصوص سبزہ ختم ہو رہا ہے، جس کے نتیجہ میں آلودگی بھی بہت زیادہ ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات بھی ماحول کو نقصان پہنچا رہے ہیں، اس حوالے سے اندازہ ظاہر کیا گیا ہے کہ فوری اور ٹھوس نوعیت کے اقدامات نہ کئے گئے تو دنیا میں ڈیڈ زونز بن جائیں گے اور پاکستان بھی ایسے ہی ایک ڈیڈ زون میں آ رہا ہے۔ امین اسلم نے کہا کہ ان تمام مسائل کا حل یہ ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں، درختوں کی بدولت درجہ حرارت اور آلودگی میں کمی لائی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو مسائل کا ادراک ہے، یہی وجہ ہے کہ اس نے جنگلات میں اضافے اور موسمیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز پر فوکس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بلین ٹری سونامی نتائج ظاہر ہو رہے ہیں، اس مہم سے نئے جنگلات بننے کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجود جنگلات بھی گھنے ہو رہے ہیں، کے پی کے کے ماڈل کو دنیا بھر میں سٹڈی کیا جا رہا ہے، اس کی کامیابی کے پیچھے وزیراعظم عمران خان کا عزم اور وژن تھا۔

انہوں نے کہا کہ اب اس پروگرام کو پورے ملک میں توسیع دینے کا موقع ملا ہے، عوام پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دے کر تبدیلی لے آئے ہیں، اب اس کو آگے بڑھانا ہماری ذمہ داری ہے۔ امین اسلم نے کہا کہ پورے پاکستان میں 10 بلین ٹری سونامی کا منصوبہ بنایا ہے، رواں مون سون سیزن کے لئے ’’پلانٹ فار پاکستان‘‘ کا پروگرام ترتیب دیا ہے جس کے تحت 2 ستمبر کو پورے ملک میں 15 لاکھ پودے لگائے، اس مقصد کے لئے 200 مقامات پر تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا، ملک بھر میں 190 گرین پوائنٹس بنائے جائیں گے جہاں سے شہریوں کو مفت پودے فراہم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درختوں کی شدید ضرورت ہے، ہم سب کو قومی ذمہ داری اور مذہبی فریضہ سمجھ کر درخت لگانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ 2 ستمبر کو وزیراعظم عمران خان اسلام آباد میں جبکہ وزراء اعلیٰ صوبائی دارالحکومتوں میں پودے لگا کر شجرکاری کا افتتاح کریںگے۔ وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ شجرکاری کے پروگرام سے متعلق تمام تفصیلات کے لئے فیس بک پر پیج بنایا گیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی طرز پر مقامی آبادیوں کو جنگلات کی افزائش و تحفظ کے عمل میں شامل کیا جائے گا، ہماری ترجیح ہو گی کہ مقامی اقسام کے پودے لگائے جائیں، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے جنگلات کے بچائو کو یقینی بنایا جائے گا، جنگلات کی کٹائی کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کی جائے گی اور ٹمبر مافیا و قبضہ مافیا کے خلاف مضبوط سیاسی عزم کے ساتھ ایکشن لیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کی کامیابی کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطہ قائم ہے۔ اس موقع پر ممتاز گلوکار اور سماجی کارکن سلمان احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے ماحولیات کے تحفظ و فروغ کے حوالے سے اپنی خدمات کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات کا صحت سے بہت قریبی تعلق ہے، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ماحولیات کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کروں گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات