Live Updates

پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے،قوم کی حمایت چیلنجز پر کامیابی سے قابو پالیں گے،وزیر اعظم عمران خان

وزیراعظم کا وفاقی وزرائ اور مشیروں کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ ، آرمی چیف نے وزیر اعظم کا استقبال کیا، گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا سیکیورٹی صورت حال، دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کارروائیوں، کراچی آپریشن اور خوشحال بلوچستان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی وزیراعظم نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا پاک فوج انشاء اللہ وطن عزیز کے ہر قیمت اور قربانیوں کے ذریعے دفاع کے لئے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کا عمل جاری رکھے گی،آرمی چیف دورہ جی ایچ کیو زبردست رہا، فواد چوہدری

جمعرات 30 اگست 2018 23:01

پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے،قوم کی حمایت  چیلنجز ..
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اگست2018ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے تاہم قوم کی حمایت سے ان چیلنجز پر کامیابی سے قابو پالیں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزراء برائے دفاع ، خارجہ امور ، خزانہ ، اطلاعات ، وزیر مملکت داخلہ اور سیکرٹری ڈیفنس کے ہمراہ جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر وزیراعظم کو چاک و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، جس کے بعد وزیراعظم نے یادگار شہدائ پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔وزیراعظم کا جی ایچ کیو کے تمام عملے سے تعارف کروایا گیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم اور وزرائ کو سیکیورٹی صورت حال، درپیش خطرات اور جوابی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کارروائیوں، آپریشن رد الفساد ، کراچی کی صورتحال اور خوشحال بلوچستان پروگرام پربھی بریفنگ دی گئی ۔

وزیراعظم عمران خان نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں ،آپریشنل تیاریوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار اور قربانیوں کو سراہا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چینلجز کا سامنا ہے لیکن قوم کی حمایت اور مشترکہ قومی کوششوں سے ان چینلجز پر کامیابی سے قابو پائیں گے۔وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت فوج کو اپنی صلاحیتیں بڑھانے کے لیے تمام وسائل مہیا کرے گی، پاکستان کی منزل آگے بڑھنا ہے اور ان شائ اللہ ہم مثبت سوچ اور دوسری اقوام سے اچھے مراسم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔

اس موقع پر آرمی چیف نے وزیراعظم کا ان کے دورہ جی ایچ کیو اور فوج پر اعتماد کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کیا اور یقین دلایا کہ پاک فوج انشاء اللہ وطن عزیز کے ہر قیمت اور قربانیوں کے ذریعے دفاع کے لئے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کا عمل جاری رکھے گی۔ یاد رہے کہ 2 روز قبل سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے وزیراعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی تھی۔

اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ 'آج جی ایچ کیو کا دورہ زبردست رہا، وزیر اعظم اور کابینہ ارکان کو دنیا کی بہترین فوج کی کمانڈ سے ملاقات پر فخر ہی'۔ فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں مزید کہا کہ جی ایچ کیو میں تفصیلی بریفنگ انتہائی اہمیت کی حامل ہے، تمام ریاستی اداروں کے درمیان قریبی روابط اور تعاون کے ذریعے ہم پاکستان کو درپیش چینلجز سے نبردآزما ہوں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات