خلیفہ سوم سیدنا حضرت عثمان غنی ؓ کا یوم شہادت مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا

جمعرات 30 اگست 2018 23:37

لاہور۔30 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2018ء) خلیفہ سوم سیدنا حضرت عثمان غنی ؓ کا یوم شہادت مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا،اس موقع پر صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت مختلف شہروں میں سیمینارز،کانفرنسزکا انعقاد کیا گیا جن سے مقررین نے خلیفہ سوم کی زندگی پر روشنی ڈالی، خلیفہ سوم سیدنا عثمان غنی ؓ کے یوم شہادت کے موقع پر مرکزی علماء کونسل کے زیر اہتمام مختلف شہروں میں ہونے والی کانفرنسوں اور سیمینارز سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سیدنا حضرت عثمان غنی ؓ کی دینی خدمات و سنہری کارنامے تاریخ اسلام کے ماتھے کا جھومر ہیں۔

آپؓ نے 44لاکھ مربع میل پر اسلامی حکومت کا پر چم بلند کیا۔ دین اسلام کی سربلندی کیلئے حضرت عثمان غنی ؓ کے کارنامے اور اسلامی فتوحات مسلم حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔

(جاری ہے)

سیدنا عثمان غنی ؓ تاریخ اسلام کے مظلوم ترین شہید ہیں جنہیں چالیس دن تک بھوکا پیاسا رکھا گیا۔آپ ؓ حیاء کا مجسمہ ،برداشت کا نمونہ اور سخاوت کا سمندر تھے۔ حضور اکرم ﷺ نے فرمایا کہ فرشتے بھی سیدنا عثمان ؓ سے حیاء کرتے ہیں۔

پوری کائنات میں یہ شرف صرف سیدنا عثمان غنی ؓ کو حاصل ہوا کہ حضور اکرم ﷺ کی دو بیٹیاں یکے بعد دیگرے آپؓ کے نکاح میں آئیں۔ مرکزی علماء کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری علامہ شبیر احمد عثمانی، مفتی حفظ الرحمن بنوری،حافظ محمد طیب قاسمی ،حافظ محمد امجد،مولانا عمر قاسمی، حافظ مقبول احمد ،شیخ الحدیث مولانا محمد نواس نے ختم نبوت اسلامک ریسرچ سینٹر میں ’’شہادت سیدنا عثمان غنیؓ سیمینار‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے آپؓ کے فضائل و مناقب ،سیرت وکردار ،بے مثال فتوحات اور سنہری کارناموں پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیدنا عثمان غنی ؓ نے مدینہ منورہ میں واحد میٹھے پانی کا کنواں بیئر رومہ مہنگے داموں خرید کر مسلمانوں کیلئے وقف کیا جس پر آپ ؓ کو جنت کی بشارت بھی دی گئی۔

سیدنا عثمان غنی ؓ نے نظام حکومت چلانے کیلئے سیدنا ابوبکر صدیق ؓ اور سیدنا فاروق اعظم ؓ کے ادوار کی سنہری روایات کو برقرار رکھا ۔انہوں نے کہا کہ حضرت عثمان غنی ؓ کے سیاسی شعور اور حکمت عملی سے اسلام کو تقویت ملی۔ دارالعلوم فاروقیہ گوجرانوالہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی علماء کونسل کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد شاہ نواز ،مولانا خالد محمود سرفرازی، مولانا گلزار احمد آزاد،مولانا عبید اللہ حیدری نے کہا کہ خلیفہ ثالث سیدنا عثمان غنی ؓ کا شمار ان جلیل القدر صحابہ کرام ؓ میں ہوتا ہے جنہیں نبی کریم ﷺ نے دنیا میں ہی جنتی ہونے کی بشارت دی۔

آپؓ کا دور خلافت بے مثال اصلاحات اور فتوحات سے عبارت ہے۔ سیدنا عثمان غنی ؓ کی شہادت سے امت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا۔