جدوجہد آزادی کشمیر کو دبانے کیلئے بھارت کی استعماری پالیسیوں کی شدید مذمت

ظالمانہ اور انتقامی حربوں سے تحریک آزادی کا رخ تبدیل نہیں کیا جاسکتا، مشترکہ حریت قیادت

جمعہ 31 اگست 2018 12:41

سرینگر ۔31 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں سیدعلی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے کشمیریوںکی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو بھارتی حکومت اور اس کی فورسز کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال اور ظلم و تشدد کے ذریعے دبانے کی مسلسل استعماری پالیسیوں کیخلاف شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ان کارروائیوںکی مذمت کی ہے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت قائدین نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں جنوبی کشمیر میں4 مجاہدین کے گھروں کو نذر آتش کرنے کی کارروائیوں کو محض انتقامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی کارروائیاں انسانی ، اخلاقی اور جمہوری اصولوں کی خلاف ورزی ہیں ۔انہوںنے خبردار کیاکہ اگر کشمیر میں ریاستی دہشت گردی، انسانیت سوز مظالم اور جبر و استبداد کی پالیسیاں جاری رکھی گئی تو پوری خطے میں امن و سلامتی کو شدیدخطرات لاحق ہو سکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے مجاہد کمانڈر ریاض نائیکو کے والداسد الله نائیکو ، اور ایک اورمجاہد لطیف ٹائیگر کے دو بھائیوں کے علاوہ پلوامہ میں ایک درجن افراد کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ظالمانہ اور انتقامی حربوں سے تحریک آزادی کشمیرکا رخ تبدیل نہیں کیا جاسکتا۔ حریت قائدین نے بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین کے دوسرے بیٹے سید شکیل احمد کی گرفتاری کی بھی شدید مذمت کی ۔

انہوں نے کہا اس سے قبل بھی این آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے بارہ سے زائد حریت رہنمائوں ، کارکنوں اور کشمیریوں کوغیر قانونی طورپرگرفتار کر رکھا ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارتی حکومت اور اس کی ایجنسیاں کشمیریوں کے عزم و استقلال اور تحریک حق خود ارادیت کے ساتھ انکی بھر پور وابستگی اور استقامت سے خوف زدہ ہوگئی ہیں اور اب جھوٹے مقدمات میں حریت قائدین اور کارکنوںکو ملوث کر کے انکے عزم و حوصلون کو توڑنا چاہتی ہیں۔

سیدعلی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے حاجن بانڈی پورہ میں بھارتی فورسز کے ہاتھوںشہید ہونیوالے دو کشمیری نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری شہداء کی قربانیاں نا قابل فراموش ہیں اور پوری قیادت اور قوم ان کی مقروض ہے اور شہدا کے مقدس مشن کی آبیاری اور تکمیل کیلئے عہد مند ہے۔ انہوںنے دنیا بھرکی انصاف پسند اقوام وممالک اورانسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموںسے اپیل کی کہ وہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی ، قتل و غارت گری، اندھا دھند گرفتاریوں اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو رکوانے کیلئے بھارتی حکومت پردبائو بڑھائیںاور بنیادی مسئلہ کشمیر کو حق خود ارادیت کی بنیاد پر کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے اپنا اثر ورسوخ استعمال کریں۔

حریت قائدین نے اسٹیٹ سبجیکٹ قانون کے تحفظ اور دفاع کیلئے پورے جموں وکشمیر میںجمعرات کو مکمل احتجاجی ہڑتال کرنے پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کیاہے ۔