Live Updates

حکومت کے ساتھ ہی پی سی بی میں بھی بڑی تبدیلی کا فیصلہ

عمران خان کے انتہائی قریبی دوست کو اہم ترین ذمہ ملنے کا امکان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 31 اگست 2018 15:27

حکومت کے ساتھ ہی پی سی بی میں بھی بڑی تبدیلی کا فیصلہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31اگست 2018 ء) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت آنے کے ساتھ ہی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )کے چیئر مین بھی الگ الگ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دور حکومت میں سابق چیئر مین پی سی بی نجم سیٹھی نے دونوں عہدے اپنے پاس رکھے تھے اور وہ سپر لیگ گورننگ کونسل کے بھی سربراہ تھے ۔

ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے انتہائی قریبی دوست ذاکر خان پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین کے لیے مضبوط امیدوار ہیں اور ذاکر خان کے نام پر پی سی بی افسران نے بھی اعتماد کا اظہار کردیا ہے ۔یاد رہے کہ پی سی بی کے الیکشن کمشنر جسٹس (ر) افضل حیدر نے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کے بعد نئے چیئرمین کے انتخاب کے لیے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے ،اس حوالے سے خصوصی اجلاس4 ستمبر کو قذافی سٹیڈیم، لاہور میں ہوگا جہاں الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ افضل حیدر، ڈپٹی الیکشن کمشنر احمد شہزاد فاروق رانا کے ہمراہ کارروائی مکمل کریں گے۔

(جاری ہے)

شیڈول کے مطابق امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی صبح11 سے ساڑھے11 بجے تک جمع کرا سکیں گے جس کے بعد اعتراضا ت داخل کرنے اور فارمز کی سکروٹنی کا عمل مکمل کیا جائے گا، اعتراضات کی سماعت 12بجے ہوگی، نصف گھنٹے بعد امیدوار اگر چاہیں تو اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، امیدواروں کی حتمی فہرست ایک بجے جاری کی جائے گی، چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کے لیے گورننگ بورڈ ارکان کی ووٹنگ کا عمل ڈیڑھ بجے ہوگا۔

وزیر اعظم عمران خان نے چیئر مین پی سی بی کے لیے سابق آئی سی سی صدر احسان مانی کو نامزد کررکھا ہے جن کی کامیابی تقریبا یقینی ہے ۔ احسان مانی بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ملکی کرکٹ کو آگے لے کر جائیں گے اور پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی واپسی کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات