Live Updates

مسلم لیگ ن پر موروثی سیاست کا الزام عائد کرنے والی پی ٹی آئی خود موروثی سیاست کرنے لگی

ضمنی انتخاب کے لیے ارکان اسمبلی کے رشتہ داروں میں ہی ٹکٹس تقسیم کر دئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 31 اگست 2018 15:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست 2018ء) : مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں اپوزیشن جماعت پاکستان تحریک انصاف نے ہمیشہ مسلم لیگ ن کو موروثی سیاست کا طعنہ دیا ۔عمران خان سمیت پارٹی کے تمام رہنماؤں نے مسلم لیگ ن کی موروثی سیاست کے خلاف آواز بلند کی۔ تاہم اب پاکستان تحریک انصاف نے بھی اقتدار میں آنے کے بعد یہی کام شروع کر دیا ہے جس پر پاکستان تحریک انصاف کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔

مسلم لیگ ن کو موروثی سیاست کا طعنہ دینے والے موجودہ حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخاب کے ٹکٹس ارکان اسمبلی کے رشتہ داروں میں تقسیم کر دئے۔ 14 اکتوبرکوہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے خیبرپختونخوا میں قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی 9 نشستوں کے لیے الیکشن ہونے ہیں، عام انتخابات کی طرح ضمنی الیکشن میں بھی موروثی سیاست سامنے آگئی۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 بنوں کی نشست جو وزیراعظم عمران خان نے خالی چھوڑی ، پرسابق وفاقی وزیر اکرم خان درانی کے بیٹے ناصردرانی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ اسی طرح وزیر دفاع پرویز خٹک نے نوشہرہ سے 2 صوبائی اسمبلی کے حلقوں پراپنے بیٹے اوربھائی کو پارٹی ٹکٹ دلوادیا ۔ پرویزخٹک کے بیٹے ابراہیم خٹک پی کے 61 سے جبکہ پی کے 64 سے پرویزخٹک کے بھائی لیاقت خٹک ضلعی ناظم کا عہدہ چھوڑ کر صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑ رہے ہیں۔

قومی اسمبلی کے اسپیکراسد قیصر نے بھی اپنے بھائی حکیم اللہ کو انتخابی میدان میں اُتار دیا جنہوں نے پی کے 44 کاغذات جمع کروا دئے ہیں تاہم اس حلقے میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دیگر اُمیدواروں نے بھی کاغذات جمع کروائے ہیں۔ پی کے 3 سوات سے سابق صوبائی وزیرڈاکٹر حیدرعلی کے دو بھتیجوں آفتاب خان اور ساجد خان نے کاغذات جمع کروائے ہیں۔

ڈی آئی خان 97 سے سابق صوبائی وزیرعلی امین گنڈاپور نے اپنے بھائی فیصل امین گنڈا پورکو انتخابی میدان میں اُتار دیا۔ پی کے 99 کی نشست جو پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار اکرام اللہ گنڈاپورکی شہادت سے خالی ہوئی تھی اس نشست سے ان کے بیٹے آغاز الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ ان کے مقابلے میں مولانا فضل الرحمان کے بھائی عبیدالرحمان ہیں ، مزید یہ کہ سابق صوبائی وزیر ثناء اللہ میاں خیل کے بھائی فتح اللہ میاں خیل نے بھی اسی حلقے میں کاغذات جمع کروا رکھے ہیں۔  دوسری جانب پی کے 78 پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ہارون بلور کی شہادت کے باعث الیکشن ملتوی ہوئے جس کے بعد اب ضمنی انتخاب میں شہید ہارون بلور کی بیوہ ثمر بلور الیکشن لڑیں گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات