Live Updates

لائنز کلب کی بھارت میں آئندہ میٹنگ میں پہلے پاکستان کا ترانہ بجے گا،میاں محمدادریس

میاں محمدادریس عالمی سطح پرپاکستان کا نام بلندکرینگے،ہمیں بہترین وزیراعظم عمران خان مل گیا ہے،ایس ایم منیر ہمیں ناز ہے کہ ایک بہترین اور نیک انسان کوانٹرنیشنل ڈایکٹر کی حیثیت سے منتخب کرایاگیا ہے،حنیف گوہر کا تقریب سے خطاب

جمعہ 31 اگست 2018 15:49

لائنز کلب کی بھارت میں آئندہ میٹنگ میں پہلے پاکستان کا ترانہ بجے گا،میاں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2018ء) لائنز کلب انٹرنیشنل کے ڈائریکٹراور سابق صدر ایف پی سی سی آئی،چیئرمین ستارہ گروپ میاں محمدادریس نے کہا ہے کہ لائنز کلب کے ڈائریکٹر کا الیکشن بھاری اکثریت سے جیتنا نہ صرف میرے بلکہ پاکستان کیلئے بھی اعزاز کا باعث ہے اور میں دنیا کے تمام ممالک میں پاکستان کا پرچم بلند رکھونگا جبکہ لائنز کلب کا آئندہ اجلاس بھارت میں ہوگا جہاں لائنز کلب آئین کے تحت سب سے پہلے پاکستان کا قومی ترانہ بجے گا اور اس کے بعد بھارت کا ترانہ بجے گا۔

میاں محمدادریس نے ان خیالات کا اظہار گوہر گروپ کے چیئرمین اور سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی محمدحنیف گوہر کی جانب سے مقامی ہوٹل میں اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر،فیڈریشن چیمبر آف کامرس کے صدر غضنفربلور،میزبان حنیف گوہر،ملک خدابخش نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر زبیرطفیل، خالدتواب،فیڈریشن کے نائب صدور طارق حلیم، مسز سعیدہ بانو،نوراحمدخان،وسیم وہرہ،شکیل ڈھینگڑا،شہزامبین،ناصر الدین شیخ،اکرام راجپوت،تسنیم صدف،عائشہ بیلا،حاجی جاوید اقبال،لائن ابوبکر،لائن ظفراقبال،شاہد جاوید قریشی،راشداحمدصدیقی،فرخ مظہر اور دیگربزنس مین بھی شریک تھے۔

میاں محمدادریس نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ہمیں مخلوق خدا کی خدمت کرنی ہے،اللہ کی خوشنودی کیلئے فلاحی اور سماجی کاموںکو بڑھانا ہوگا کیونکہ انسانیت کی خدمت عبادت کا درجہ رکھتی ہے اس لئے میں بزنس کمیونٹی سے کہتا ہوں کہ وہ زیادہ سے زیادہ لائن کلب کے ممبر بنیں۔ ایس ایم منیر نے اپنی تقریر میںکہا ہے کہ میاں محمدادریس کالاس ویگاس،امریکا میں لائنزکلب کنونشن میں انٹرنیشنل ڈائریکٹر کے الیکشن میں کامیاب ہونا پاکستان کی کامیابی ہے،انکی اس کامیابی سے دنیا بھر میں پاکستان کے عزت ووقار میں اضافہ ہوگا،میاں محمد ادریس کا انتخاب نہ صرف پاکستان کے عوام بلکہ بزنس کمیونٹی کیلئے بھی اعزازکا باعث ہے ۔

ایس ایم منیر کہا کہ سماجی کاموں میںپاکستان بھر میں ہرشعبے کے افراد میاں محمدادریس کا ساتھ دیں گے،ہمارے گروپ کیلئے تو یہ اعزاز کی بات ہے کہ میاں محمدادریس نے بطور صدر ایف پی سی سی آئی اپنے ایک سال کے دورانیہ میں قابل قدر کام کئے اور بزنس کمیونٹی کیلئے بے مثال خدمات انجام دیں،ہمیں یقین ہے کہ وہ لائنز کلب کے ڈائریکٹر کی حیثیت سے بھی عالمی سطح پر پاکستان کے پرچم کو بلند رکھیں گے۔

ایس ایم منیرنے مزید کہا کہ پاکستان کو ایک ایسا وزیراعظم مل گیا ہے جو بزنس کمیونٹی کی کال پر فوری جواب دے رہا ہے،ایف پی سی سی آئی کے نائب صدر طارق ملک نے وزیر اعظم عمران خان کی توجہ شپنگ سیکٹر کے ایک اہم مسئلے کی جانب دلائی تو عمران خان نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اس مسئلے کو حل کرادیا،ہمیں ایسا ہی وزیر اعظم چاہیئے جو مسائل کو سمجھے اور انہیں فوری حل کرسکے،ماضی میں حکمران فاضل اخراجات کرتے،بڑی بڑی گاڑیاں خریدتے لیکن اب ان اخراجات پر قابو پایا جارہا ہے،میرا نعرہ ہے کہ اگر پاکستان ہے تو ہم سب ہیں اور ہمیں اپنے ملک کی ترقی کیلئے موجودہ وزیراعظم عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا۔

میزبان حنیف گوہر نے کہا کہ انٹرنیشنل ڈائریکٹرکے منصب پر میاں محمدادریس کی کامیابی سے عالمی سطح پر پاکستان کا نام مثبت انداز میں اجاگر ہوگا،میاں محمدادریس اپنی عاجزی اور انکساری کی بدولت نہ صرف پاکستان کے عوام اور بزنس کمیونٹی بلکہ دنیا بھر کے سوشل سیکٹر میں اپنی شخصیت کو اجاگر ہی نہیں بلکہ پاکستان کے نام کو بلند کررہے ہیں۔ملک خدابخش نے کہا کہ میاں محمدادریس لائنز کلب کے ذریعہ عالمی سطح پر پاکستان کے امیج کو بہتربنائیں گے،ہمیں ناز ہے کہ ایک بہترین اور نیک انسان کوانٹرنیشنل ڈایکٹر کی حیثیت سے منتخب کرایاگیا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات