امیر المومنین حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ مسلمانوں کے زبردست خیر خواہ اور سخاوت کے سمندر تھے ،محمد شاہد عطاری مدنی

جمعہ 31 اگست 2018 18:53

امیر المومنین حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ مسلمانوں کے ..
کوئٹہ۔31اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اگست2018ء) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن محمد شاہد عطاری مدنی نے کہاہے کہ امیر المومنین حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ مسلمانوں کے زبردست خیر خواہ اور سخاوت کے سمندر تھے ،آپ کا دریا ئے سخاوت ہر وقت جوش پر رہتا تھا اور آپ نے اپنی مبارک زندگی میں کئی مرتبہ اپنا کثیر مال راہ خدا میں پیش کیا۔

آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ دنیا کے نفع پر آخرت کے نفع کو ترجیح دیا کرتے ،آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے قحط کے وقت گندم اور خوراک سے لدے ایک ہزار اونٹ اللہ کی راہ میں صدقہ کردیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ امیر المومنین حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا شمار ان صحابہ کرام علیہم الرضوان میں ہوتا ہے جن پر اسلام قبول کرنے کے بعد ظلم وستم کے پہاڑ توڑے گئے ،طرح طرح سے ستایا گیا اور بہت ہی درد ناک سلوک کیا گیا ،مگر قربان جائیی!نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے اس جاں نثار صحابی کے عزم واستقلال پر جو ظلم سہہ کر بھی باطل کے آگے ڈٹے رہے اور دین اسلام سے ایک انچ بھی پیچھے ہٹنے کیلئے تیار نہ ہوئے۔

(جاری ہے)

محمد شاہد عطاری مدنی نے کہا کہ امیر المومنین حضرت عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی پاکیزہ سیرت کا ایک روشن پہلو یہ بھی تھا کہ آپ ساری ساری رات رب کائنات کی بارگاہ میں سجدہ وقیام کی حالت میں گزار دیا کرتے، آخرت سے ڈرتے اور اپنے رب کریم کی رحمت کی آس لگائے رکھتے تھے ،دن کے اوقات سخاوت وروزہ کی حالت میں گزارتے تو راتیں بارگاہ خدا وندی میں سجدہ وقیام میں کٹ جاتی تھیں۔انہوں نے کہا کہ امیر المومنین حضرت سیدنا عثمان غنی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی پاکیزہ سیرت کا ایک لائق فخر پہلو یہ بھی تھا کہ آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے مسلمانوں کو قرآن کریم کے ایک نسخے پر جمع کرکے امت محبوب پر بہت بڑا احسان کیا ،لہٰذا اسی سبب سے آپ کو جامع القرآن بھی کہا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :