Live Updates

پاکستان کے احتجاج پر گستاخانہ خاکوں کا مقابلہ منسوخ، سوشل میڈیا پر خوشی کا اظہار

جمعہ 31 اگست 2018 22:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اگست2018ء) دنیا بھر کے مسلمانوں کو ایزا پہنچانے والے ہالینڈ کے رکن اسمبلی گیئرٹ ویلڈرز کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے منسوخی کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر عوام نے خوشی کااظہار کیا ۔پاکستان میں صبح سے ہی ٹوئٹر پر ہالینڈ اورہمارے نبی ؐہمارا فخر کے نام سے ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ رہا جس میں نہ صرف پاکستان بلکہ دیگر ممالک سے بھی ٹوئٹر صارفین اپنے جذبات و خیالات کا اظہار کیا ۔

بعض صارفین نے ہالینڈ کے رکن اسمبلی کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کے انعقاد کو مذاہب کے درمیان نفرت پھیلانے سے تعبیر کیا جبکہ بعض نے اس کی ناصرف مذمت کی، مقابلے کی منسوخی کے بعد ٹوئٹر صارفین نے ایک دوسرے کو مبارکباد بھی دی۔

(جاری ہے)

اویس رندھاوا نامی ٹوئٹر صارف نے ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی منسوخی کی خبر شیئر کی اور اس پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد دی، صارف نے کہا کہ ہم اپنی نبی پاکؐسے اپنی زندگی اور ہر چیز سے زیادہ پیار کرتے ہیں۔

عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ہمارے نبی ہمارا فخر کے ہیش ٹیگ کے ساتھ اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ نبی پاک ؐ تمام انسانیت کے لیے امن کا پیغام اور محبت کے سفیر بنا کر بھیجے گئے ہیں، ان کی تعلیمات انسانیت کے احترام اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر مبنی ہیں۔ تحریک انصاف کے رہنما ابرار الحق نے لکھا کہ تمام مسلمانوں کے لیے نبی پاک ؐ سے پیار سب سے مقدم ہے، کوئی مذہب آزادی اظہار کے نام پر کسی بھی پیغمبر اور قابل احترام شخصیات کی توہین کی اجازت نہیں دیتا۔

محمد سعد رشید نامی ٹوئٹر صارف نے کہا کہ ہمیں اب بھی ہالینڈ کی مصنوعات کے بائیکاٹ کی ضرورت ہے، ہمیں نبی پاک ؐسے عقیدت اور پیار کے مزید اظہار اور متحدہ ہونے کی ضرورت ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے گستاخانہ خاکوں کے مقابلے کی منسوخی کو حکومت اور عوام کی بڑی کامیابی قرار دیا۔ڈاکٹر حسین قادری نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ عالمی برادری کو مذاہب کے درمیان تصادم کا نتیجہ بننے والے عناصر کی بیخ کنی کرنے کی ضرورت ہے، ورنہ اس سے نہ صرف عالمی امن کی کوششوں کو نقصان پہنچے گا بلکہ انتہاپسندی کے بیانیے کو تقویت ملے گی۔

سیف علی بھٹی نامی صارف لکھتے ہیں کہ اب یہ ضروری ہوگیا کہ عالمی سطح پر ایسے قوانین بنائے جائیں جس سے مستقبل میں قابل احترام شخصیات کی گستاخی کے اقدامات کو روکا جاسکے، انہوں نے مزید لکھا کہ او آئی سی کو اس مقصد کے لیے اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات