وسائل اور مواقع دیکھ کر عوام کو روزگار اور سہولیات فراہم کریں گے، بلاول بھٹو زرداری

ہفتہ 1 ستمبر 2018 00:10

لاڑکانہ ۔ 31 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 ستمبر2018ء) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وسائل اور مواقع دیکھ کر عوام کو روزگار اور سہولیات فراہم کریں گے، مجھے عوام کے تعاون کی ضرورت ہے تاکہ مسائل کو حل کیا جاسکے، امید ہے کہ عوام میرے ساتھ وہی تعاون کرے گی جو تعاون وہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے ساتھ کرتے تھے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاڑکانہ کے حلقہ این اے 200 سے کامیابی کے بعد پہلے مرتبہ پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ کے عوام نے جو اعتماد کیا ہے وہ قابل قدر ہے، عوام کی بھرپور خدمت کریں گے۔ انہوں نے سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کو سپورٹ کرنے پر خواتین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی ماضی میں بھی خدمت کی اور اب بھی کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام کو روزگار دینا چاہتا ہوں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بہت جلد یوسی سطح پر کارکنان اور رہنماؤں کے اجلاس کئے جائیں گے اور ان سے مزید بہتری کے لئے تجاویز بھی لی جائیں گی تاکہ پارٹی کو مزید مضبوط کیا جائے۔ اس موقع پر شہدا کے لیے دعا بھی کی گئی۔اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، رکن سندھ اسمبلی سہیل انور سیال، ندا کھوڑو، گھنور خان اسران، رکن قومی اسمبلی نصیبہ چنہ، خورشید جونیجو سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں و کارکنان نے شرکت کی۔