دُبئی: پولیس پر حملہ آور ہونے والے شخص کو تین ماہ قید کی سزا

ملزم نے پارکنگ ایریا سے فرار ہونے کی کوشش کے دوران پولیس اہلکار پر تشدد کیا

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 1 ستمبر 2018 13:16

دُبئی: پولیس پر حملہ آور ہونے والے شخص کو تین ماہ قید کی سزا
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم ستمبر 2018) دُبئی کی کریمنل کورٹ نے ایک مساج کارڈ ڈسٹری بیوٹر کو پولیس اہلکار پر حملہ آور ہونے کے جُرم میں تین ماہ قید کی سزا سُنا دی ہے۔ ملزم کو سزا کی مُدت پُوری ہونے کے فوراً بعد ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔ سرکاری استغاثہ کی تفتیش ملزم کا تعلق ایک افریقی مُلک سے ہے جو انٹرنیشنل وِلیج کی پارکنگ لاٹ میں ایک غیر لائسنس شُدہ مساج سنٹر کے تشہیری کارڈ گاڑیوں پر لگا رہا تھا۔

اسی دوران دُبئی پولیس کے اہلکار نے جو معمول کے گشت پر تھا‘ اُس نے ملزم کو غیر قانونی سرگرمی کے ارتکاب پر گرفتار کرنے کی کوشش کی تو ملزم اُس پر حملہ آور ہو گیا اور موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔ عدالت میں سماعت کے دوران متاثرہ اہلکار نے بتایا کہ اُس کی ڈیوٹی پارکنگ لاٹ میں لگائی گئی تھی کہ وہاں گاڑیوں میں موجود قیمتی اشیاء چُرانے والے عناصر پر نظر رکھی جائے۔

(جاری ہے)

کیونکہ اس حوالے سے کئی شکایات موصول ہو چکی تھیں۔ اسی دوران ملزم پارکنگ میں گاڑیوں کے اندر تانک جھانک کرتا نظر آیا‘ جس سے یہی معلوم ہو رہا تھا کہ وہ ان کے اندر موجود قیمتی اشیاء چُرانے کی نیت رکھتا ہے۔ جب ملزم نے پولیس اہلکار کو اپنی جانب آتے دیکھا تو اُس نے وہاں سے بھاگ نکلنے کی کوشش کی۔ اسی دوران اہلکار اُس کے قریب پہنچ گیا اور اُسے ہتھکڑی لگانے کی کوشش کی تو ملزم نے اُسے گھونسہ رسید کر دیا۔

اس اچانک حملے سے اہلکار نے بوکھلا کر وہاں موجود اپنے ساتھی اہلکاروں کو مدد کے لیے بُلایا۔ جبکہ ملزم پارکنگ لاٹ کی باڑ کو پھلانگ کر وہاں سے بھاگ نکلا۔ پولیس اہلکاروں نے ملزم کا دس منٹ تک پیچھا کر کے بالآخر اُسے گرفتار کر لیا۔ تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ ایک غیر قانونی مساج سنٹر کی تشہیر کا کام کرتا ہے‘ اسی مقصد کے تحت وہ واقعہ کے روز گاڑیوں پر تشہیری کارڈ لگا رہا تھا۔ تاہم اُس نے اس بات سے انکار کیا کہ وہ گاڑیوں میں جھانک کر اُن میں موجود اشیاء چوری کرنے کا ارادہ رکھتا تھا۔ عدالت نے ملزم کو پولیس اہلکار پر حملہ آور ہونے اور گرفتاری میں مزاحمت کرنے کا قصور وار پاتے ہوئے تین ماہ قید اور ڈی پورٹ کیے جانے کی سزا سُنائی دی۔