صدارتی الیکشن،حکومتی واپوزیشن امیدواروں کی مہم جاری

مولانا فضل الرحمن کا فون آیا تھا، وہ بھی ہنس رہے تھے اور میں بھی ہنس رہا تھا۔قائمقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الٰہی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 1 ستمبر 2018 15:54

صدارتی الیکشن،حکومتی واپوزیشن امیدواروں کی مہم جاری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 01 ستمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنماء وقائمقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمن کا فون آیا تھا، وہ بھی ہنس رہے تھے اور میں بھی ہنس رہا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق قائمقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا صدارتی انتخاب کے لئے سابقہ اتحادیوں کے رابطے بارے سوال کے جواب میں کہا کہ اپوزیشن کے صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحمن کا فون آیا تھا وہ بھی فون پر ہنس رہے تھے اور میں بھی ہنس رہا تھا۔

دوسری جانب اپوزیشن جماعت پیپلزپارٹی کے صدارتی امیدوار چوہدری اعتزاز احسن نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی صدارتی انتخاب کی دوڑ سے دستبرداری کے لئے بات چیت کا عمل جاری ہے۔

(جاری ہے)

بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے سربراہ سردار اختر مینگل سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی چاہتی ہے کہ مولانا فضل الرحمن اپنے کاغذات نامزدگی پیپلزپارٹی کے امیدوار (اعتزاز احسن) کے حق میں واپس لے لیں۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ چاہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی اپنے امیدوار کو مولانا فضل الرحمن کے حق میں دستبردار کرے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کے ساتھ بات چیت کا عمل جاری ہے اور توقع ہے کہ صدارتی انتخاب سے قبل مثبت نتیجہ برآمد ہو گا۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا اعلیٰ سطحی وفد اعتزاز احسن کی قیادت میں ہفتہ کی شام کراچی جائے گا۔ یہ وفد چوہدری منظور، قمر زمان کائرہ اور دیگر سینئر قائدین پر مشتمل ہے۔ یہ وفد مختلف سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں کرے گا اور صدارتی انتخاب کیلئے اپنے لئے ووٹ مانگے گا۔