آرٹس کونسل کراچی میں صابری سسٹرز کی رنگا رنگ محفلِ قوالی

ہفتہ 1 ستمبر 2018 20:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 ستمبر2018ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور ایس ایس پروڈکشن کے تعاون سے صابری سسٹرز کی رنگا رنگ محفلِ قوالی کا اہتمام گزشتہ شب آرٹس کونسل کراچی میں کیا گیا جس میں ملک کے مشہورومعروف قوال امجد صابری (مرحوم )کی چھوٹی بہن ثمن صابری اورانعمتہ صابری (صابری سسٹرز) نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور اپنی جادوئی آواز سے سماں باندھا۔

اس موقع پر چیئرمین یوتھ کمیٹی اسجد بخاری نے کہا کہ آرٹس کونسل ایک تاریخ ساز ادارہ ہے او ر صدرآرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی سربراہی اور کاوشوں کی بدولت ہر سو فن و ادب کے رنگ بکھیرنے میں سر گرمِ عمل ہے۔ اسجد بحاری نے کہا کہ یہ ایک پر مسرت بات ہے کہ ایک بڑے نامور قوال خاندان کے چشم و چراغ اپنے ورثا کے فن کو فروغ دینے کے لیے گامزن ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوالی صدیوں کا علم ہے جو سینا بہ سینا ہم تک پہنچا ہے اور اب ہمارے نوجوان اس علم کو آگے بڑھانے میں مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔ انھوں نے ثمن صابری اورانعمتہ صابری (صابری سسٹرز) کے کام کو بے حد سراہتے ہوئے کہا کہ اس دور میں ثمن صابری اورانعمتہ صابری جیسے ستاروں کی بدولت قوالی کے فن کو مستقبل میں مزید فروغ ملے گا۔ گزشہ کئی دہائیوں سے قوالی کی صنف کی خدمت کرنے والے صابری خاندان کی چشم حمزثمن صابری نے کہا کہ آرٹس کونسل ایک ایسا ادارہ ہے جو ہمیشہ آرٹسٹوں اور ادیبوں کو سراہتا ہے او ر اس ادارے نے شہر کی ادبی رونقیں بحال کرنے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں منعقدہ اس محفلِ سماں کا ایک اہم پہلو معروف قوال امجد صابری (مرحوم ) اور نصرت فتح علی خان (مرحوم ) کو خراجِ عقیدت پیش کرنا بھی تھا۔ محفل قوالی کی رنگارنگ تقریب میں ثمن صابری اورانعمتہ صابری نے اپنے ہمنواہوں کے ساتھ مل کرکلام پیش کیا اور سٴْروں کا ایک جادوئی سماں باندھا جس پرشائقینِ محفل جھوم اٹھے۔

صابری سسٹرزنے ’’اللہ ہو اللہ ہو‘‘، ’’تاجدارِ حرم‘‘، ’’بھر دو جھولی میری یا محمد‘‘ جیسے لازوال کلام و منقبت سامعین کی نظر کر کے بے شمار داد وصول کی۔ اس پر مسرت موقع پر حاضرین کی ایک بڑی تعداد محفل سماں میں شر یک تھی۔ سلسلہ ٴ صابری اور نسبتِ وارثی سے تعلق رکھنے والی ثمن صابری اورانعمتہ صابری ( صابری سسٹرز)اس سے قبل ملک کے دیگر شہروں میں بھی اپنے کلام کا جادوہ بکھیرچکی ہیں۔#