Live Updates

این اے 243 ضمنی انتخاب ،ْپی ٹی آئی کا ٹکٹ کیلئے 4 امیدواروں کا سروے کرانے کا فیصلہ

عمران خان کی چھوڑی گئی نشست پر پارٹی ٹکٹ کیلئے رشید گوڈیل ،ْ عالمگیر محسود، آفتاب صدیقی اور اشرف قریشی میں سخت مقابلہ ہے ،ْرپورٹ

اتوار 2 ستمبر 2018 13:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 ستمبر2018ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 243 میں ضمنی انتخاب کیلئے ٹکٹ جاری کرنے سے متعلق تحریک انصاف نے اپنے 4 امیدواروں کا سروے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف اور موجودہ وزیراعظم عمران خان کی چھوڑی گئی نشست پر تحریک انصاف کے 4 امیدوار مضبوط امیدوار ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ حلقہ 243 کراچی کے ضمنی انتخاب کے لیے رشید گوڈیل ، عالمگیر محسود، آفتاب صدیقی اور اشرف قریشی میں سخت مقابلہ ہے جبکہ پارٹی نے چاروں امیدواروں کے انتخاب سے قبل حلقے میں سروے کرانے کا فیصلہ کیا۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف نے اس سے قبل عام انتخابات میں کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے شہریار آفریدی کو حلقے میں سروے کرائے جانے کے بعد پارٹی ٹکٹ جاری کیا تھا ،ْکراچی کا حلقہ این اے 243 گلشن اقبال، گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ، جمشید کوارٹرز، بہادرآباد اور ملحقہ علاقوں پر مشتمل ہے جہاں 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں عمران خان نے ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار علی رضا عابدی کو 67 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی تھی۔

(جاری ہے)

مذکورہ حلقے پر ضمنی انتخاب کیلئے ایم کیو ایم پاکستان نے فیصل سبزواری کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے جب کہ دلبرداشتہ علی رضا عابدی نے نظرانداز کیے جانے پر پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔واضح رہے کہ عام انتخابات کے دوران قومی اسمبلی کے 2 اور صوبائی اسمبلیوں کے 7 حلقوں میں الیکشن ملتوی ہوا تھا جبکہ عام انتخابات میں زیادہ نشستوں پر جیتنے والوں نے 28 نشستیں چھوڑی ہیں جن پر ضمنی انتخابات 14 اکتوبر کو ہوگا
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات