قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانیوالے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال( کل )ہوگی

اتوار 2 ستمبر 2018 13:30

فیصل آباد۔2 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2018ء) 14اکتوبر کو منعقد ہونے والے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانیوالے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کل 4 ستمبر بروز منگل کو ہوگی جبکہ فیصل آباد سمیت ملک بھر میں قومی اسمبلی کی 11، پنجاب اسمبلی کی 13، کے پی کے کی 9، بلوچستان کی 2اور سندھ اسمبلی کی 2خالی نشستوں پرضمنی الیکشن منعقد ہوگا۔

مذکورہ انتخابات کے ضمن میں پاکستان تحریک انصاف ، مسلم لیگ(ن) ،پی پی پی ، دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت آزاد ارکان نے بڑی تعداد میں کاغذات نامزدگی فارم جمع کروائے ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 103فیصل آبادIII اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 103فیصل آباد VII میں بھی ضمنی انتخاب 14اکتوبر بروز اتوار کو منعقد ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کل 4ستمبر بروز منگل کو ہو گی جبکہ کاغذات نامزدگی کی منظوری یا استر داد کے خلاف اپیلیں 8ستمبر بروز ہفتہ کو وصول کی جائیں گی اور اپیلٹ ٹربیونل ان پر فیصلے 13ستمبر بروز جمعرات تک کریں گے۔انہوںنے بتایاکہ امیدواروں کی حتمی لسٹ 14ستمبر بروز جمعہ کو جاری کی جائے گی جبکہ امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی فارم 15ستمبر بروز ہفتہ کو واپس لے سکیں گے اور اسی روز امیدواروں کی فائنل لسٹ کا اجراء کر دیا جائے گا۔

انہوںنے اے پی پی کو بتایاکہ قومی وصوبائی حلقوں کیلئے امیدواروں کو انتخابی نشان 16ستمبر بروز اتوار کو جاری کئے جائیں گے اور پولنگ 14اکتوبر بروز اتوارکو ہو گی۔انہوںنے بتایاکہ این اے 103 تاندلیانوالہ ضلع فیصل ۱ٓباد کیلئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ون اور پی پی 103تاندلیانوالہ ضلع فیصل ۱ٓباد کیلئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ٹو کو ریٹرننگ ۱ٓفیسر مقرر کیا گیاہے جو تمام کارروائی مکمل کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو منعقد ہونیوالے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کے موقع پر جو نشستیں خالی رہ گئی تھیں یا جن نشستوں پر ایک سے زائد امیدوار کامیاب ہوئے تھے اور بعدازاں انہوں نے ایک ایک نشست رکھ کر باقی نشستیں خالی کردی تھیں ان پر ضمنی انتخابات 14 اکتوبر کو منعقد ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ تاندلیانوالہ فیصل ۱ٓباد کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 103 اورصوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 103تاندلیانوالہ میں 25 جولائی کو منعقد ہونیوالے عام انتخابات میں مرزا محمد احمدسکنہ محلہ سرور کالونی تاندلیانوالہ بھی بطور ۱ٓزاد امیدوار الیکشن لڑرہے تھے کہ پولنگ سے پانچ روز قبل انہوں نے اپنے بیٹوں کی طرف سے سپورٹ نہ کئے جانے پر گھریلو جھگڑے کے بعد خود کو گولی مارکر خودکشی کرلی جس پر دونوں حلقوں میں الیکشن ملتوی کردیا گیاتھا۔

انہوںنے بتایاکہ انتخابات کے شفاف ، آزادانہ ، غیر جانبدارانہ ، منصفانہ انعقاد کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔