صدارتی انتخاب کیلئے قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ (کل) ہوگی

پولنگ صبح 10 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گی، الیکشن کمیشن

پیر 3 ستمبر 2018 19:46

صدارتی انتخاب کیلئے قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2018ء) الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ صدارتی انتخاب کیلئے پولنگ (کل) منگل کو قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں صبح 10 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک ہو گی، کل تین امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا، گنتی کے بعد فارم 5 پر نتیجہ بنایا جائے گا۔ پیر کو الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل میڈیا ندیم قاسم نے بتایا کہ امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 27 اگست مقرر کی گئی تھی، اس تاریخ تک 12 امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے جن میں سے 8 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جانچ پڑتال کے دوران مسترد کر دیئے گئے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار امیر مقام نے اپنے کاغذات واپس لے لئے اس طرح اب مولانا فضل الرحمن، ڈاکٹر عارف علوی اور اعتزاز احسن سمیت تین امیدوار میدان میں ہیں، ووٹروں کی حتمی فہرست پریذائیڈنگ آفیسران کے حوالہ کر دی گئی ہے، پولنگ کے دوران چاروں صوبائی اسمبلیوں اور پارلیمنٹ کی سکیورٹی رینجرز کے پاس ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ صدارتی انتخابات میں ووٹ کاسٹ کرنے کا طریقہ عام انتخابات کی طرح سیکرٹ بیلٹ پیپر ہے، ووٹرز اسمبلیوں کی طرف سے جاری کردہ کارڈ کی بنیاد پر ہی ووٹ کاسٹ کر سکیں گے، بیلٹ پیپر کے اوپر تینوں امیدواروں میں سے اپنی پسند کے امیدوار کے نام کے آگے ’’ٹک‘‘ کا نشان لگا کر ووٹ کاسٹ کیا جائے گا۔ 5 ستمبر کو انتخابی نتائج کا فارم 7 پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ میڈیا کے نمائندوں کو پریس گیلری سے کوریج کی اجازت ہو گی، فوٹیج صرف پاکستان ٹیلی ویژن بنائے گا جسے وہ تمام میڈیا کو جاری کرے گا، پولنگ کا عمل مکمل ہونے پر پریذائیڈنگ آفیسر گنتی کرے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ تینوں صوبائی اسمبلیوں کے ڈالے گئے ووٹوں کو بلوچستان اسمبلی کے 65 ووٹوں سے تقسیم کرکے ووٹ شمار کئے جائیں گے جبکہ بلوچستان اسمبلی سینٹ اور قومی اسمبلی کا ایک ایک ووٹ شمار ہو گا۔