وزیراعلی ہائوس کے باہر احتجاج کرنیوالے سلیم صابری کے احتجاج پر وزیراعلی سید مراد علی شاہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سلیم صابری کی درخواست منظور کرلی

پیر 3 ستمبر 2018 23:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2018ء) وزیراعلی ہائوس کے باہر احتجاج کرنیوالے سلیم صابری کے احتجاج پر وزیراعلی سید مراد علی شاہ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سلیم صابری کی درخواست منظور کرلی۔ تفصیلات کے مطابق امجد شہید صابری پر قاتلانہ حملے کے دوران زخمی ہونے والے سلیم صابری نے پیر کو وزیراعلی ہائوس کے باہر معاوضے کی ادائیگی کے لئے احتجاج کیا اور سندھ حکومت کی جانب سے اعلان کردہ پندرہ لاکھ روپے معاوضے کی رقم کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔

وزیراعلی کے مشیر قانون و اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے وزیراعلی ہائوس کے باہر سلیم صابری سے ملاقات کی اور اسکی درخواست پر فوری عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے سلیم صابری کی درخواست فوری طور پر وزیراعلی مرادعلی شاہ کو پیش کی جس پر وزیراعلی مراد علی شاہ نے سلیم صابری کو معاوضے کی زیر التوا رقم فوری ادا کرنے کا حکم دیا اور درخواست منظور کرلی واضح رہے کہ ہمنوا قوال سلیم صابری امجد صابری شہید پر حملے میں زخمی ہوا تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مشیر قانون بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ سلیم صابری قوال کو معاوضے کی ادائیگی جلدکردی جائے گی۔ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت شہریوں کو انصاف کی فوری فراہمی پر یقین رکھتی ہے اس سلسلے میں جو موثر اقدامات اٹھائے جاسکتے ہیں وہ اٹھائے جائینگے انہوں نے کہا کہ سلیم صابری کو معاوضے کی ادائیگی انکا حق ہے جسکی ادائیگی کو جلد ممکن بنایا جائیگا۔