Live Updates

خیبر پختونخوا میں چار نئے سیاحتی مقامات کا قیام حکومت کی ترجیحات ہیں، ہر سال گلیات میں ایک نیا سیاحتی مرکز بنایا جائے گا

باڑہ گلی پشاور یونیورسٹی کیمپس کی 220 کنال اراضی پر سیاحتی یونیورسٹی کے قیام کا جائزہ لیا جا رہا ہے‘ علی اصغر خان

پیر 3 ستمبر 2018 23:53

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 ستمبر2018ء) تحریک انصاف حکومت ایبٹ آباد کی تعمیر و ترقی کیلئے خصوصی اقدامات کرے گی، خیبر پختونخوا میں چار نئے سیاحتی مقامات کا قیام حکومت کی ترجیحات ہیں، ہر سال گلیات میں ایک نیا سیاحتی مرکز بنایا جائے گا جس کیلئے وزیراعظم عمران خان نے خصوصی ہدایات جاری کر دی ہیں، باڑہ گلی پشاور یونیورسٹی کیمپس کی 220 کنال اراضی پر سیاحتی یونیورسٹی کے قیام کا جائزہ لیا جا رہا ہے، این اے 15- سے بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے چھوٹے ٹورازم کی بنیادوں پر صنعتی زونز کا قیام، مچھلی فارمز، بھیڑ بکریوں کے فارمز سمیت متعدد منصوبوں کیلئے سہولیات کی فراہمی ترجیحات ہیں۔

ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف کے ممبر سنٹرل کمیٹی سابق امیدوار حلقہ این اے 15 علی اصغر خان نے یہاں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کے قیام سے ملک میں عوامی راج کا آغاز ہو گیا ہے، قومی دولت لوٹنے والوں کا یوم حساب شروع ہو چکا ہے، وزیراعظم عمران خان نے اپنے پہلے خطاب میں عوام کو خوشخبریاں سنائیں جن پر فوری عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے جس کے تحت گلیات میں ہر سال ایک نیا سیاحتی مرکز قائم کیا جائے گا اور سیاحت کے فروغ کیلئے بھرپور طریقہ سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گلیات میں سیاحتی مرکز کے حوالہ سے سیاحتی یونیورسٹی کے قیام کیلئے جائزہ لیا جا رہا ہے جس کیلئے باڑہ گلی کے مقام پر پشاور یونیورسٹی کیمپس کی 220 کنال اراضی پر مجوزہ سیاحتی یونیورسٹی کے قیام کیلئے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، یونیورسٹی کے قیام سے نہ صرف علاقہ کے نوجوان بلکہ ایبٹ آباد کی یوتھ کو اس شعبہ میں ہنرمند بنایا جائے گا جس سے نہ صرف نوجوانوں کیلئے روزگار کے دروازے کھلیں گے بلکہ وہ ملک اور بیرون ملک علاقہ کا نام روشن کر سکیں گے۔

علی اصغر خان نے کہا کہ حلقہ این اے 15 میں پسماندگی کا راج ہے، یہاں پر بیروزگاری کا مسئلہ شدت اختیار کر چکا ہے جس سے عوام کی محرومیاں آخری حدوں کو چھو رہی ہیں، علاقہ کی محرومیوں باالخصوص بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام ناگزیر ہے جس کیلئے چھوٹے ٹورازم کی بنیادوں پر صنعتی زونز کے قیام کیلئے منصوبہ بندی کر لی گئی ہے جس کے تحت چھوٹے پیمانے پر مچھلی فارمز، بھیڑ بکریاں فارمز کے قیام کیلئے سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ اہلیان علاقہ کی زندگی میں بہتری لائی جا سکے جس کیلئے ہوم ورک شروع کر دیا گیا ہے اور جلد عوام کو خوشخبریاں سنائی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کو فعال اور منظم کرنے کیلئے بھی حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے، تحریک انصاف کو وی سیز کی سطح پر مدر ونگز کے قیام کے ساتھ ساتھ سرکل، تحصیل و ضلع کی سطح تک یوتھ ونگز کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ کارکنان بالخصوص نوجوانوں کے ساتھ بھرپور اور مربوط تعلق استوار کیا جا سکے جو ملکی ترقی میں نوجوانوں کے موثر کردار کا باعث بنے گا۔

انہوں نے کہا کہ این اے 15 کے نوجوانوں کا کردار انتخابات میں مثالی رہا جنہوں نے حالیہ انتخابات میں جنبوں اور برادریوں کی سیاست کے پرخچے اڑا ڈالے اور علاقہ میں تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہوتے ہوئے نظریاتی سیاست کی بنیاد رکھ دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کے کارکنان، نوجوانوں اور عمائدین نے بھرپور سپورٹ کیا جن کے اعتماد کو کبھی ٹھیس نہیں پہنچائیں گے، عنقریب ہر ووٹر کے پاس جا کر نوجوانوں کو ساتھ ملا کر حقیقی انقلاب کی راہ ہموار کریں گے جس سے دنیا کو نوجوانوں کی طاقت سے آگاہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوامی راج کے آغاز کے بعد کڑے احتساب کی باری ہے، کرپٹ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا جس سے نہ صرف ملک میں مثبت تبدیلی آئے گی بلکہ کرپشن کے خاتمہ سے ایک فلاحی ریاست کے قیام کا آغاز ہو گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات