Live Updates

تمام اراکین صدارتی انتخاب میں پارٹی پالیسی کے پابند ہیں،جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کردار ادا کرتے رہیں گے‘ حمزہ شہباز

ماڈل ٹائون میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ،صدارتی انتخاب کے حوالے سے تبادلہ خیال اور حکمت عملی مرتب کی گئی ابھی تک مولانافضل الرحمن ہی اکثریتی اپوزیشن کے امیدوار ہیں ،کوئی بریک تھروہوتاہے تو ارکان کو بروقت اطلاع دیدیں گے‘ ملک احمد خان مولانا فضل الرحمن کی آصف زرداری سے ملاقات ہونی ہے جو بھی فیصلہ ہوگا ہمارا ووٹ پی ٹی آئی کے خلاف ہی ہو گا‘ خواجہ عمران نذیر

پیر 3 ستمبر 2018 23:55

تمام اراکین صدارتی انتخاب میں پارٹی پالیسی کے پابند ہیں،جمہوریت کی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2018ء) پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر حمز ہ شہباز نے کہا ہے کہ جمہوریت کی مضبوطی کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ،مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تمام وعدے پورے کئے اب بھی عوام کے حقوق کیلئے بھرپور کردارادا کریں گے،تمام اراکین اسمبلی صدارتی انتخاب میں پارٹی پالیسی کے پابند ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹری ماڈل ٹائون میں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں رانا محمد اقبال ، منشا اللہ بٹ، ملک ندیم کامران،ذکیہ شاہنواز، مجتبیٰ شجاع الرحمن ،خواجہ عمران نذیر، رانا مشہود سمیت دیگر اراکین اسمبلی موجود تھے ۔ اجلاس میں صدارتی انتخاب کے حوالے سے تبادلہ خیال اور حکمت عملی مرتب کی گئی ۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز نے کہا کہ ہم نے بھرپور اتحاد کے ساتھ چلنا ہے اور ایوان میں بھرپور کردار ادا کرنا ہے ۔ تمام اراکین پارٹی پالیسی کے مطابق صدارتی انتخاب میں اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں اراکین اسمبلی کو آج (منگل ) کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے حوالے سے پارٹی پالیسی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک محمد احمد خان نے بتایا کہ اجلاس کاون پوائنٹ ایجنڈا صدارتی انتخاب تھا۔

ابھی تک مولانافضل الرحمن ہی اکثریتی اپوزیشن کے امیدوار ہیں ۔اب رات درمیان میں ہے آصف زرداری اورمولانا فضل الرحمن ملاقات کے کیا نتائج نکلتے ہیں انتظار کیاجائے گا۔پارلیمانی پارٹی مولانافضل الرحمن کے نام پر قائم ہے،اگر اپوزیشن کا متفقہ امیدوارآتاہے اور کوئی بریک تھروہوتاہے تو ارکان کو بروقت اطلاع دیدیں گے۔ اس سو ال کہ اگر مولانا فضل الرحمن بیٹھ جائیں تو کیا (ن) لیگ اعتزازاحسن کو ووٹ دے گی کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آپ کو لگتا ہے مولانا فضل الرحمن بیٹھ جائیں گے ۔

مولانافضل الرحمن دستبردارہونے کا اکیلے فیصلہ نہیں کر سکتے کیونکہ یہ اے پی سی کا فیصلہ ہے ۔آصف علی زرداری اور مولانافضل الرحمن ملاقات کا جو بھی فیصلہ ہوگارات پڑی ہے ساری اپوزیشن کو اعتماد میں لیاجائے گا۔خواجہ عمران نذیر نے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدارتی انتخاب میں کس کو ووٹ ڈالنا ہے ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا لیکن ہمارے امیدوار مولانا فضل الرحمن ہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی پیپلزپارٹی کے چیئرمین آصف زرداری سے ملاقات ہونی ہے جو بھی فیصلہ ہوگا ہمارا ووٹ پی ٹی آئی کے خلاف ہی ہو گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات