Live Updates

تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے دبنگ فیصلہ کرلیا

ضمنی انتخابات میں اراکین اسمبلی میں سے کسی کے رشتہ دار کو بھی ٹکٹ نہ جاری کرنے کا فیصلہ ہوگیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 3 ستمبر 2018 23:51

تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے دبنگ فیصلہ کرلیا
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03ستمبر 2018ء) تحریک انصاف نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے دبنگ فیصلہ کرلیا۔ ضمنی انتخابات میں اراکین اسمبلی میں سے کسی کے رشتہ دار کو بھی ٹکٹ نہ جاری کرنے کا فیصلہ ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد کئی منتخب اراکین کی جانب سے صوبائی و قومی اسمبلی کی نشستیں خالی کر دی گئی تھیں۔

ان نشستوں پر ضمنی الیکشن کی تیاریاں بھی شروع کر دی گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 25 جولائی کے عام انتخابات کے بعد خالی ہونے والی 27 صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں اور 11 قومی اسمبلی کی نشستوں پر اکتوبر میں ضمنی الیکشن کروانے کا اعلان کیا ہے۔14 اکتوبرکوہونے والے ضمنی الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے اس سلسلے میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا مرحلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے خبریہ تھی کہ مسلم لیگ ن کو موروثی سیاست کا طعنہ دینے والے موجودہ حکومتی جماعت پاکستان تحریک انصاف نے قومی و صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر ضمنی انتخاب کے ٹکٹس ارکان اسمبلی کے رشتہ داروں میں تقسیم کر دئےہیں۔ وزیر دفاع پرویز خٹک نے نوشہرہ سے 2 صوبائی اسمبلی کے حلقوں پراپنے بیٹے اوربھائی کو پارٹی ٹکٹ دلوادیا ۔ پرویزخٹک کے بیٹے ابراہیم خٹک پی کے 61 سے جبکہ پی کے 64 سے پرویزخٹک کے بھائی لیاقت خٹک ضلعی ناظم کا عہدہ چھوڑ کر صوبائی اسمبلی کا الیکشن لڑ رہے ہیں۔

قومی اسمبلی کے اسپیکراسد قیصر نے بھی اپنے بھائی حکیم اللہ کو انتخابی میدان میں اُتار دیا جنہوں نے پی کے 44 کاغذات جمع کروا دئے ہیں۔پی کے 3 سوات سے سابق صوبائی وزیرڈاکٹر حیدرعلی کے دو بھتیجوں آفتاب خان اور ساجد خان نے کاغذات جمع کروائے ہیں۔ڈی آئی خان 97 سے سابق صوبائی وزیرعلی امین گنڈاپور نے اپنے بھائی فیصل امین گنڈا پورکو انتخابی میدان میں اُتار دیا۔

پی کے 99 کی نشست جو پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار اکرام اللہ گنڈاپورکی شہادت سے خالی ہوئی تھی اس نشست سے ان کے بیٹے آغاز الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔تاہم تحریک انصاف کی ٹکٹ کے ان تمام امیدواروں کو قیادت کی جانب سے سرخ جھنڈی دکھا دی گئی ہے۔تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ ضمنی انتخابات میں کسی بھی رکن اسمبلی کے رشتہ دار کو ٹکٹ جاری نہیں کیا جائے گا بلکہ ٹکٹ میرٹ پر دئیے جائیں گے۔یہ بھی کہا جارہا تھا کہ تحریک انصاف کے بہت سے اراکین اسمبلی پارٹی ٹکٹ اپنے رشتہ داروں کو دلوانے کے لیے کوششیں کر رہے تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات