حقانی نیٹ ورک کے سربراہ جلال الدین حقانی طویل علالت کے بعد چل بسے

جہادیوں سے دعائے مغفرت کی اپیل ،طالبان کے بیان میں مرنے کی تاریخ اور تدفین کا کوئی ذکر نہیں،عرب ٹی وی

منگل 4 ستمبر 2018 11:40

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2018ء) افغان طالبان نے اعلان کیا ہے کہ شدت پسند تنظیم حقانی گروپ کے سربراہ جلال الدین حقانی طویل علالت کے بعد چل بسے ہیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق طالبان کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ کئی برسوں سے علیل تھے۔ بیان میں ان کے لیے جہادیوں سے دعائے مغفرت کی اپیل کی گئی ہے لیکن ان کے مرنے کی تاریخ اور تدفین کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں ان کی موت کا اعلان اس طرح کیا گیا،بڑے افسوس کے ساتھ ہم اپنے ایمان والے مجاہد افغانیوں اور وسیع اسلامی امت کو یہ اطلاع دیتے ہیں کہ معروف جہادی شخصیت، ممتاز عالم، مثالی جنگجو اور جہادیوں کے پیش رو، اسلامی امارات میں سرحد کے وزیر اور قائد کونسل کے رکن محترم الحاج مولائی جلال الدین حقانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔ انّا للہ و انّا الیہ راجعون ۔

جلال الدین حقانی افغانستان کے جنگجوؤں میں ممتاز اہمیت کے حامل رہے ہیں جن کی طالبان اور القاعدہ دونوں سے قربت تھی۔ انھوں نے القاعدہ کے بانی اسامہ بن لادن کو سنہ 1990 کی دہائی میں تربیتی کیمپ قائم کرنے میں تعاون کیا تھا۔ 11 ستمبر سنہ 2001 کے حملے کے بعد حقانی نے اپنے نیٹ ورک کی کمان اپنے بیٹے کے ہاتھوں میں سونپ دی تھی۔