حریت کانفرنس کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر بھارتی فورسز کے مظالم کی شدید مذمت

قابض انتظامیہ اور بھارتی فورسز کو مقبوضہ علاقے میں رائج کالے قوانین کے تحت نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ ہے پولیس 13 مرتبہ محمد اشرف پر کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے ان کی غیر قانونی نظربندی کو مسلسل طول دے رہی ہے

منگل 4 ستمبر 2018 11:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے نہتے کشمیری عوام پر ڈھائے جانیوالے مظالم کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فورسزحریت رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کیلئے ان کے گھروںپرمسلسل چھاپے ماررہی ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری غلام نبی سمجھی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ قابض انتظامیہ اور بھارتی فورسز کو مقبوضہ علاقے میں رائج کالے قوانین کے تحت نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔

انہوںنے بھارتی فورسز کے اہلکاروں کی طرف سے حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی اندھا دھند گرفتاریوں اور ان کے گھروں پر چھاپوںکی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حریت کانفرنس کے دفتر کے ملازم محمد امین کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جموںکی کوٹ بھلوال جیل منتقل کرنا بدترین سیاسی انتقام کی ایک مثال ہے۔

(جاری ہے)

حریت رہنماء نے کہاکہ بجبہاڑہ کے علاقے سٹھکی پورہ میںمحمد رفیق ڈار کے گھر پر آئے روز پولیس کے چھاپے اور اہل خانہ کوہراساں کرنے کے علاوہ کولگام کے رہائشی غلام حسن بٹ کو ہراساں کیاجارہا ہے کیونکہ ان دونوں کا تعلق حریت کانفرنس کی اکائی مسلم کانفرنس سے ہے۔

انہوںنے مسلم لیگ کے رہنماء فیروز احمد خان، تحریک حریت کے بشیر احمد قریشی اور عمر عادل ڈار کے علاوہ درجنوں حریت کارکنوں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کو کمزور نہیں کیا جاسکتا۔غلام نبی سمجھی نے سرینگر سینٹرل جیل میںنظربند بزرگ حریت پسندراہنما عبدالغنی بٹ کے ساتھ جیل حکام کی طرف سے تذلیل آمیز سلوک کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا۔

ادھر کشمیر تحریک خواتین کی سر براہ زمردہ حبیب نے ایک بیان میں14 برسوں سے غیر قانونی طورپر نظربند کشمیری نوجوان پیر محمد اشرف کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے عدالتی احکامات کے باوجود انہیں رہا نہیں کیاجارہا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پولیس تیرہ مرتبہ محمد اشرف پر کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے ان کی غیر قانونی نظربندی کو مسلسل طول دے رہی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بٹہ گنڈ ڈورو ویری ناگ کارہائشی کشمیری نوجوان گزشتہ چودہ برس سے غیر قانونی طورپر نظربند ہے اور اس وقت مٹن جیل میں قید ہے ۔