پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد 8 اکتوبر سے قطر میں شروع ہونے والی انٹرنیشنل پراڈکٹ ایگزبیشن اور کانفرنس میں شرکت کرے گا

وفد قطری تاجروں کو پاکستان کے دورے اور فرنیچر سیکٹر میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے کی دعوت دیگا‘میاں کاشف اشفاق

منگل 4 ستمبر 2018 14:01

پاکستان فرنیچر کونسل کا وفد 8 اکتوبر سے قطر میں شروع ہونے والی انٹرنیشنل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 ستمبر2018ء) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کا 6 رکنی وفد 8 اکتوبر سے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں شروع ہونے والی انٹرنیشنل پراڈکٹ ایگزبیشن اور کانفرنس میں شرکت کرے گا جہاں وہ فرنیچر سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور فرنیچر مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کے امکانات کا جائزہ لے گا۔

یہ بات منگل کو پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس بین الاقوامی میلے میں شرکت کے لئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) نے پی ایف سی کو دعوت دی ہے، یہ ہمارے مقامی فرنیچر سازوں کے ہنر اور معیاری مصنوعات کی نمائش کیلئے بہترین پلیٹ فارم ہے جہاں وہ غیر ملکی خریداروں کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کو بھی اپنی طرف متوجہ کرسکیں گے۔

(جاری ہے)

مشرق وسطیٰ کے ممالک کو فرنیچر کی برآمد کے امکانات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اس میدان میں پڑوسی ممالک چین، بھارت، نیپال، بنگلہ دیش اور ایران کے مقابلے میں بہت پیچھے ہے جس کی سب سے بڑی وجوہات سپلائی چین میں رکاوٹیں، جدید ٹیکنالوجی کا فقدان اور تیاری میں غیر معیاری سامان کا استعمال ہیں جس کے نتیجے میں پاکستان اپنے روایتی، کندہ کاری والے لکڑی کے فرنیچر کی مانگ کا پورا فائدہ نہیں اٹھا رہا کیونکہ اس کی قیمتیں زیادہ اور ڈیزائن و کوالٹی خراب ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاحت میں اضافہ اور ریئل اسٹیٹ بزنس کی ترقی کی وجہ سے مشرق وسطیٰ میں فرنیچر اور لکڑی کی مصنوعات کی مانگ میں گزشتہ تین سے چار سال میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قطر کی مسلسل اور تیز رفتار ترقی اور رہائشی عمارتوں اور نئے ہوٹلوں کی تعمیر میں اضافہ کی وجہ سے وہاں فرنیچر کی مانگ اور کاروبار میں اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں 504 ملین ڈالر کے تعمیراتی منصوبے جاری ہیں جبکہ بحرین میں ایک ارب ڈالر کی لاگت سے ’’فنانشل سٹی‘‘ کی تعمیر کی جا رہی ہے اور ان میگا منصوبوں سے خطے میں فرنیچر اور انٹیریئر ڈیکوریشن کی مصنوعات کی مانگ میں مسلسل اضافے کی توقع ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ قطر اور پاکستان تمام شعبوں میں تخلیقی تعاون اور تعلقات کے فروغ میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قطر میں 2022 میں فیفا ورلڈ کپ کے منصوبوں سمیت بڑی تعداد میں پاکستانی بہت سے شعبوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں جبکہ پاکستانی کمپنیاں اور کاروباری افراد بھی وہاں سرمایہ کاری دوست ماحول سے بھر پور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران وفد قطری تاجروں کو پاکستان کے دورے اور فرنیچر سیکٹر میں دستیاب سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے کی دعوت دے گا۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ فرنیچر کی صنعت میں ایک چھوٹی شاخ ہونے کے باوجود آئوٹ ڈور فرنیچر کے شعبے میں بڑی گنجائش ہے کیونکہ قطری حکومت عوامی عمارات کی تعمیر پر بہت توجہ دے رہی ہے۔ پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ پاکستان کو عالمی منڈیوں میں جگہ بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت فرنیچر انڈسٹری کی سرپرستی کرے کیونکہ اس ضمن میں انفرادی کوششیں زیادہ بارآور ثابت نہیں ہو سکتیں ہیں۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ فرنیچر کی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے بین الاقوامی تجارتی نمائشوں میں شرکت انتہائی ضروری ہے۔