Live Updates

فیصل آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 14اکتوبر کو منعقد ہونے والے قو می و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتا ل کا مرحلہ مکمل،امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 14ستمبر کو جاری کی جائیگی

منگل 4 ستمبر 2018 15:55

فیصل آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 14اکتوبر کو منعقد ہونے والے قو ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2018ء) فیصل آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 14اکتوبر کو منعقد ہونے والے قو می و صوبائی اسمبلیوں کے ضمنی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتا ل کا مرحلہ منگل کو مکمل ہو گیا جبکہ کاغذات نامزدگی کی منظوری یا استرداد کے خلاف اپیلیں 8ستمبر بروز ہفتہ تک وصول کی جائیں گی اور اپیلٹ ٹربیونلز اپیلوں پر 13ستمبر بروز جمعرات تک فیصلے سنائیں گے جس کے بعد امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 14ستمبر کو جاری کی جائے گی،الیکشن کمیشن آف پاکستان فیصل آباد کے ذرائع نے بتایاکہ 14اکتوبر کو فیصل آباد سمیت ملک بھر میں قومی اسمبلی کی 11، پنجاب اسمبلی کی 13، کے پی کے کی 9، بلوچستان کی 2اور سندھ اسمبلی کی 2خالی نشستوں پرضمنی الیکشن منعقد ہوگا نیزمذکورہ انتخابات کے ضمن میں پاکستان تحریک انصاف ، مسلم لیگ(ن) ،پی پی پی ، دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت آزاد ارکان نے بڑی تعداد میں کاغذات نامزدگی فارم جمع کروائے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 103فیصل آبادIII اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 103فیصل آباد VII میں بھی ضمنی انتخاب 14اکتوبر بروز اتوار کو منعقد ہو گا۔انہوںنے بتایاکہ امیدواروں کی حتمی لسٹ 14ستمبر بروز جمعہ کو جاری کی جائے گی جبکہ امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی فارم 15ستمبر بروز ہفتہ کو واپس لے سکیں گے اور اسی روز امیدواروں کی فائنل لسٹ کا اجراء کر دیا جائے گا۔

انہوںنے اے پی پی کو بتایاکہ قومی وصوبائی حلقوں کیلئے امیدواروں کو انتخابی نشان 16ستمبر بروز اتوار کو جاری کئے جائیں گے اور پولنگ 14اکتوبر بروز اتوارکو ہو گی۔انہوںنے بتایاکہ این اے 103 تاندلیانوالہ ضلع فیصل ۱ٓباد کیلئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ون اور پی پی 103تاندلیانوالہ ضلع فیصل ۱ٓباد کیلئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر ٹو نے بطور ریٹرننگ آفیسر کاغذات کی سکروٹنی کی ۔

انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو منعقد ہونیوالے قومی و صوبائی اسمبلیوں کے عام انتخابات کے موقع پر جو نشستیں خالی رہ گئی تھیں یا جن نشستوں پر ایک سے زائد امیدوار کامیاب ہوئے تھے اور بعدازاں انہوں نے ایک ایک نشست رکھ کر باقی نشستیں خالی کردی تھیں ان پر ضمنی انتخابات 14 اکتوبر کو منعقد ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ تاندلیانوالہ فیصل ۱ٓباد کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 103 اورصوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 103تاندلیانوالہ میں 25 جولائی کو منعقد ہونیوالے عام انتخابات میں مرزا محمد احمدسکنہ محلہ سرور کالونی تاندلیانوالہ بھی بطور ۱ٓزاد امیدوار الیکشن لڑرہے تھے کہ پولنگ سے پانچ روز قبل انہوں نے اپنے بیٹوں کی طرف سے سپورٹ نہ کئے جانے پر گھریلو جھگڑے کے بعد خود کو گولی مارکر خودکشی کرلی جس پر دونوں حلقوں میں الیکشن ملتوی کردیا گیاتھا۔

انہوںنے بتایا کہ 14اکتوبر کو منعقد ہونے والے قومی اسمبلی کے ضمنی انتخاب کیلئے حلقہ این اے 103فیصل آباد IIIسے کاغذات نامزدگی فارم جمع کر انے والوں میں میاں منظور احمد خان وٹو ، احسن ریاض فتیانہ ،مدثراحمد شاہ ، شہادت علی خان بلوچ ، محمد خان ندیم ،محمد سعید ، محمد صدیق ، ذوالفقار علی،رائے اعجاز حسین ، محمد سعد اللہ ، علی گوہر خان بلوچ ، چوہدری ندیم ، رائے عثمان خان، محمد یاسر بلوچ ،رائے امتیاز احمد آصف ،احسن رضا ، منظور حسین ، ثریا ندیم شامل ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 103فیصل آباد VIIسے جن امیدواران نے کاغذات نامزدگی فارم جمع کروائے ہیں ان میں حافظ عابد حسین ، منتظر مہدی ، شمشیر حیدر ،ضیاء الرحمن ، ذوالفقار علی ، خالد محمود ، ظہور احمد شاہ قریشی ، چوہدری ارسلان شوکت ، محمد انور خان ،شہزاد بختاور علی، ریاض بختاور ، اشرف علی ،ملک ذوالفقار علی، شہیر دائود بٹ ، جعفر علی ، مظہر حسین شاہ، محمد اکرم ،محمد خان ندیم ،احسن ریاض فتیانہ ، میاں منظور احمد خان وٹو، اللہ یار،محمد یاسر بلوچ اور احسن رضا شامل ہیں۔

انہوںنے بتایاکہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 103اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی103 تاندلیانوالہ ضلع فیصل آباد میں 14اکتوبر کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس مامون رشید شیخ پر مشتمل اپیلٹ ٹربیونل قائم کر دیا گیا ہے ۔انہوںنے بتایا کہ قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلی پنجاب کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں متعلقہ ریٹرننگ افسران کی جانب سے منظور یا مسترد کئے گئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کے فیصلہ کے خلاف اپیلوں کیلئے الیکشن ٹربیونلز تشکیل دے دیئے گئے ہیں جو پنجاب کے قومی اسمبلی کی8 حلقوں اور صوبائی اسمبلی کے 13حلقوں کے کیسز نمٹائیں گے۔

انہوںنے بتایاکہ این اے 124اور این اے 131لاہور کیلئے جسٹس شاہد وحید ، پی پی 164اور پی پی 165 لاہور کیلئے جسٹس چوہدری محمد اقبال، این اے 56 اٹک ، این اے 60اور 63راولپنڈی ، این اے 65چکوال ، پی پی3اٹک ، پی پی 27جہلم کیلئے راولپنڈی بنچ میں جسٹس مرزا وقاص رئوف سماعت کریں گے ۔انہوںنے بتایا کہ پی پی 201ساہیوال اور پی پی 222ملتان کے امیدواروں کی سماعت ملتان بنچ کے جسٹس سردار احمد نعیم ، پی پی 261رحیم یار خان جسٹس محمد امیر بھٹی ، پی پی 272مظفر گڑھ اور پی پی 292ڈیرہ غازی خان جسٹس مجاہد مستقیم احمد اور پی پی 296 راجن پور کے امیدواروں کی اپیلوں کی سماعت جسٹس طارق افتخار احمد کے سپرد کی گئی ہے۔

انہوںنے بتایا کہ ا نتخابات کے شفاف ، منصفانہ ، آزادانہ ، غیر جانبدارانہ انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات