صدر مملکت ممنون حسین کو یونان اور ناروے کے نامزد سفیروں کی جانب سے اپنی سفارتی اسناد پیش

پاکستان دونوں ممالک کے ساتھ اپنے سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے، آج کا پاکستان وسیع تر سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کیلئے سازگار فضاء فراہم کرتا ہے ،یونان اور ناروے کے سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے ان مواقع سے بھرپور استفادہ کریں گے ، صدر مملکت ممنون حسین کا سفراء سے ملاقات میں اظہار خیال

منگل 4 ستمبر 2018 18:46

صدر مملکت ممنون حسین کو یونان اور ناروے کے نامزد سفیروں کی جانب سے اپنی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2018ء) صدر مملکت ممنون حسین کو یونان اور ناروے کے نامزد سفیروں نے اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔ اس سلسلہ میں منگل کو ایوان صدر میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں یونان کے نامزد سفیر دمترس ہاتزائو پولوس اور ناروے کے نامزد سفیر کیل گونار ارکسن نے صدر مملکت کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔

بعد ازاں سفیروں نے صدر مملکت سے الگ الگ ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے ساتھ اپنے سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے ساتھ دوطرفہ تجارت اس کی حقیقی صلاحیت سے بہت کم ہے لہٰذا اس کے حجم میں اضافہ کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

صدر ممنون حسین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ آج کا پاکستان وسیع تر سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع کیلئے سازگار فضاء فراہم کرتا ہے۔ امید ہے کہ یونان اور ناروے کے سرمایہ کار مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے ان مواقع سے بھرپور استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی سطح پر رابطوں کو تقویت دینے اور سیاسی و اقتصادی روابط کو مضبوط بنانے کیلئے دوطرفہ وفود کے باقاعدہ تبادلے بہت ضروری ہیں۔ صدر نے پاکستان میں نوتعینات سفیروں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے اپنے ملک کے موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کام کریں گے۔