Live Updates

تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی اور سینیٹ سے 212 ووٹ حاصل کئے

مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار مولانا فضل الرحمان 131 ووٹ حاصل کر کے دوسرے، پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن 81 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے

منگل 4 ستمبر 2018 19:20

تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی اور سینیٹ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2018ء) تحریک انصاف اور اس کی حلیف جماعتوں کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی نے قومی اسمبلی اور سینیٹ سے 212 ووٹ حاصل کئے جبکہ مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں کے امیدوار مولانا فضل الرحمان 131 ووٹ حاصل کر کے دوسرے اور پیپلز پارٹی کے امیدوار اعتزاز احسن 81 ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے، کل 430 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 6 ووٹ مسترد ہوئے۔

منگل کو پولنگ کا آغاز صبح 10 بجے ہوا،اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس انور کاسی نے پریزائیڈنگ آفیسر کے فرائض سرانجام دیئے۔ قومی اسمبلی ہال صدارتی انتخاب کے لئے پولنگ اسٹیشن کے طور پر استعمال کیا گیا۔ پارلیمنٹ ہائوس میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین نے صدارتی انتخاب کے لئے قومی اسمبلی کے ایوان میں قائم پولنگ اسٹیشن پر اپنے ووٹ کا حق استعمال کیا۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی کے ایوان میں تین بوتھ قائم کئے گئے تھے۔ قومی اسمبلی کے اراکین کے لئے 2 جبکہ سینیٹ کے اراکین کے لئے ایک بوتھ قائم کیا گیا تھا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس انور کاسی نے پریزائیڈنگ آفیسر کے فرائض سرانجام دیئے۔ مہر لگانے کے لئے بھی تین جگہیں مخصوص کی گئی تھیں۔ صدارتی انتخاب کے لئے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین کے لئے قائم پولنگ اسٹیشن پر مولانا فضل الرحمان اور اعتزاز احسن کے پولنگ ایجنٹس کے فرائض خواتین اراکین جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار عارف علوی کے پولنگ ایجنٹ کا کردار مرد ارکان ادا کرتے رہے۔

سب سے پہلا ووٹ پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی پیر سید فضل علی شاہ جیلانی نے ڈالا۔ صدارتی انتخاب کے موقع پر مسلم لیگ (ن) اور دیگر اتحادی جماعتوں کے امیدوار مولانا فضل الرحمان کی پولنگ ایجنٹ کے طور پر شاہدہ اختر علی جبکہ اعتزاز احسن کے پولنگ ایجنٹ کے طور پر سینیٹر سسی پلیجو اور رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی فرائض سرانجام دیتی رہیں جبکہ عارف علوی کے پولنگ ایجنٹ کے طور پر عمران خٹک اور فرخ حبیب نے کردار ادا کیا۔

پولنگ مکمل ہونے کے بعد پریزائیڈنگ آفیسر نے صدارتی امیدواروں کے پولنگ ایجنٹوں کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی کرائی جس کے بعد فارم 5 پر انہیں پولنگ ایجنٹوں کے دستخط شدہ نتائج مہیاء کئے گئے۔ وزیراعظم عمران خان، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، سابق صدر آصف علی زرداری، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار ڈاکٹر عارف علوی، بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ اختر مینگل، سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سینیٹ میں قائد حزب اختلاف راجہ ظفر الحق، سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز، قومی اسمبلی میں ایم ایم اے کے پارلیمانی لیڈر مولانا عبدالواسع، سینیٹر مولانا عطاء الرحمان، جی ڈی اے کی پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات فواد چوہدری، سابق وزیراعلیٰ کے پی کے امیر حیدر خان ہوتی سمیت دیگر اہم رہنمائوں نے ووٹ کا حق استعمال کیا۔

پریزائیڈنگ آفیسر انور کاسی نے ایجنٹوں کی موجودگی میں گنتی کے بعد نتیجے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے اراکین نے ڈیسک بجا کر کامیاب امیدوار کو مبارکباد پیش کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات