Live Updates

کمانڈر ان چیف اسلامی اتحادی فوج راحیل شریف نے نئی حکومت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کردیا

امید ہے پاکستان جلد دنیا کی ایک بڑی معاشی قوت کے طور پر ابھرے گا، وطن عزیز کی ترقی کیلئے پوری قوم کو متحد ہو کر محنت کرنا ہوگی: سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقدہ تقریب سے خطاب

muhammad ali محمد علی منگل 4 ستمبر 2018 20:53

کمانڈر ان چیف اسلامی اتحادی فوج راحیل شریف نے نئی حکومت کیلئے نیک خواہشات ..
ریاض (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04 ستمبر 2018ء) کمانڈر ان چیف اسلامی اتحادی فوج راحیل شریف نے نئی حکومت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کردیا، سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران راحیل شریف کا کہنا تھا کہ امید ہے پاکستان جلد دنیا کی ایک بڑی معاشی قوت کے طور پر ابھرے گا، وطن عزیز کی ترقی کیلئے پوری قوم کو متحد ہو کر محنت کرنا ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق آرمی چیف اور اسلامی اتحادی فوج کے کمانڈر ان چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف نے پاکستان میں تشکیل پانے والی تحریک انصاف کی وفاقی حکومت کیلئے خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران راحیل شریف نے عمران خان کی وفاقی حکومت کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

بزم ریاض اور پاکستانی سفارت خانے کے اشتراک سے پاکستان کے 71 ویں یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں کمانڈر ان چیف اسلامی اتحادی فوج راحیل شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سابق آرمی چیف اور اسلامی اتحادی فوج کے کمانڈر ان چیف جنرل ریٹائرڈ راحیل شریف کا کہنا تھا کہ امید ہے پاکستان جلد دنیا میں ایک بڑی معاشی قوت کے طور پر ابھر کے سامنے آئے گا۔ پاکستان کو معاشی قوت بنانے کیلئے پوری قوم کو متحد ہو کر محنت کرنا ہوگی۔ راحیل شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جمہوریت مزید مستحکم ہو رہی ہے، یہ بات یقینی طور پر خوش آئندہ ہے۔

امید ہے نئی حکومت پاکستان کی تیز رفتار ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بھرپور انداز میں کام کرے گی۔ راحیل شریف نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جن ممالک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہے، وہی ممالک بھرپور ترقی کر پائے ہیں۔ راحیل شریف کا مزید کہنا ہے کہ بیرون ملک مقیم ہر پاکستانی اپنے ملک کا سفیر ہے، اس لیے اسے ہمیشہ اپنے ملک کا اچھا امیج پیش کرنے کیلئے کوشاں رہنا چاہیئے۔ راحیل شریف کہتے ہیں کہ پاکستانیوں نے دنیا بھر، خاص کر سعودی عرب میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور انداز میں لوہا منوایا ہے۔ سعودی عرب میں پاکستانیوں نے اپنی انتھک محنت کے باعث ایک خاص مقام حاصل کیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات