Live Updates

لاہور کے حلقہ این اے 131 میں وزیراعظم عمران خان کا سروے کے مطابق ٹکٹ دینے کا فیصلہ

ہمایوں اختر کو این اے 131 کا ٹکٹ دینے اور ولید اقبال کو سینیٹر بنائے جانے کا امکان ۔ ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 5 ستمبر 2018 12:33

لاہور کے حلقہ این اے 131 میں وزیراعظم عمران خان کا سروے کے مطابق ٹکٹ دینے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 ستمبر 2018ء) : لاہور کے حلقہ این اے 131 کے ضمنی انتخاب کے لیے وزیراعظم عمران خان نے حلقے میں کروائےگئے سروے کے مطابق ٹکٹ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ہمایوں اختر اور ولید اقبال ، دونوں نے ہی سروے میں کامیاب اُمیدوار ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔ تاہم ذرائع کے مطابق این اے 131 کے ضمنی انتخاب کے لیے ہمایوں اختر کو زیادہ پسندیدہ قرار دیا جا رہا ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ولید اقبال کو سینیٹر بنائے جانے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے عام انتخابات 2018ء میں پانچ حلقوں سے انتخاب لڑا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو پانچوں حلقوں سے ہی انتخاب جیت کر ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا تھا۔

(جاری ہے)

عمران خان نے این 53 اسلام آباد پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی،، کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 43 پر ایم کیو ایم پاکستان کے علی رضا عابدی،،عمران خان میانوالی میں اپنے آبائی حلقہ این اے 95 میں مسلم لیگ ن کے عبید اللہ شادی خیل، لاہورکے حلقے این اے 131 پر مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور بنوں کے حلقہ این اے 35 سے متحدہ مجلس عمل کے اُمیدوار اکرم درانی کو شکست دی تھی۔

تاہم عمران خان نے میانوالی سے اپنے آبائی حلقہ این اے 95 کی نشست رکھنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد باقی تمام نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے ، ان حلقوں میں سے سب سے زیادہ زیر بحث لاہور کا حلقہ این اے 131 ہے۔ این اے 131 کی نشست پر حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے والے ہمایوں اختر خان اور پاکستان تحریک انصاف لاہور کے صدر ولید اقبال تیاریوں میں تھے۔

دونوں رہنماؤں نے اپنے طور پر این اے 131 میں انتخابی مہم بھی شروع کر دی تھی ۔ تاہم ذرائع کے مطابق اس حلقے میں پارٹی کے خفیہ سروے کے مطابق ہمایوں اختر کو پسندیدہ اُمیدوار قرار دیا جا رہا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اس نشست پر تاحال کسی حتمی اُمیدوار کا اعلان نہیں کیا گیا لیکن امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ این اے 131 کے ضمنی انتخاب کے لیے ٹکٹ ہمایوں اختر کو ہی دیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک اںصاف کے سربراہ اور وزیراعظم عمران خان نے ولید اقبال کو الیکشن لڑوانے کی بجائے سینیٹر بنوانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ولید اقبال کو نامزد گورنر پنجاب چوہدری سرور کی خالی کردہ سینیٹ کی نشست پر سینیٹر منتخب کروایا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات