سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس ایسوسی ایشن کیساتھ ملکر کھیلوں کے فروغ کیلئے کام کررہا ہے‘ڈی جی سپورٹس پنجاب

ہر کھیل کی ڈسٹرکٹ چیمپئن شپ کرائیں گے، سپورٹس کی تمام گیمز کا سالانہ کیلنڈر تیار کیا جارہا ہے جسے جلد جاری کردیا جائے گا‘محمد عامر جان

بدھ 5 ستمبر 2018 20:48

سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس ایسوسی ایشن کیساتھ ملکر کھیلوں کے فروغ کیلئے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2018ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر کھیلوں کے فروغ کے لئے کام کررہا ہے، سپورٹس کیلنڈر جلد جاری کردیا جائے گا، ایشیئن گیمز میں 44سال بعد فٹ بال ٹیم کی فتح پر خوشی ہوئی، یہ سلسلہ جاری رہا تو جلد فیفا فٹ بال کپ کیلئے پاکستان کوالیفائی کرلے گا، پنجاب انڈر15بوائز فٹ بال کپ اسی سلسلہ کی کڑی ہے، فٹ بال کپ میں نوجوان کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز فیفا ہائوس میں پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے کونسل اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سیکرٹری پاکستان فٹ بال فیڈریش کرنل (ر) احمد یار خان لودھی، صدر پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن سردارنوید حیدر اور ایسوسی ایشن کے عہدیداران بھی موجود تھے، ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان نے کہا کہ 38فٹ بال گرائونڈز زیرتعمیر ہیں جن کو رواں مالی سال میں مکمل کرلیا جائے گا، ان گرائونڈز کو آباد کرنا ایک چیلنج ہوگا، اس چیلنج کو ایسوسی ایشن اور نجی شعبہ سے مل کر پورا کیا جائے گا، سب کو ساتھ لے کر چلیں گے، مسائل کو حل کریں گے، حکومت سپورٹس ایسوسی ایشنز کی مدد کررہی ہے،ہر کھیل کی ڈسٹرکٹ چیمپئن شپ کرائیں گے اور پھران کو ڈویژن اور پنجاب سطح پر باقاعدگی کے ساتھ منعقد کرائیں گے، سپورٹس کی تمام گیمز کا سالانہ کیلنڈر تیار کیا جارہا ہے جسے جلد جاری کردیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ ایشیئن گیمز میں 44سال بعد فٹ بال ٹیم کی فتح پر خوشی ہوئی، یہ سلسلہ جاری رہا تو جلد فیفا فٹ بال کپ کے لئے پاکستان کوالیفائی کرلے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری کرنل (ر) احمد یار خان لودھی نے ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خصوصی کاوشوں سے صوبہ میں سپورٹس کا کلچر فروغ پا رہا ہے، سپورٹس کے لئے ان کی طرف سے کئے گئے اقدامات قابل تحسین ہے، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہورہی ہے۔صدر پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن سردار نوید حیدر نے کہا کہ طویل عرصہ بعد پنجاب میں فٹ بال کا بڑا ایونٹ منعقد کیا گیا ہے جس کا سہرا ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد عامر جان کے سر ہے، ان کی کوششوں سے پنجاب انڈر 15بوائز فٹ بال کپ کا انعقاد ہوا جس میں کھلاڑیوں نے جوش و جذبے سے حصہ لیا، فٹ بال کپ سے امید کی کرن پیدا ہوگئی ہے اور ہم پرامید ہیں کہ پاکستان میں فٹ بال کا مستقبل تابناک ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ ضلعی سپورٹس آفیسران کے ساتھ مل کر فٹ بال کو فروغ دیا جائے گا، ہر ماہ فٹ بال کے ایونٹس منعقد کرائیں گے۔ فٹ بال ایسوسی ایشن کا آئندہ اجلاس سپورٹس بورڈ پنجاب میں ہوگا جس میں فٹ بال کے فروغ کے لئے صوبہ کے تمام ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسران بھی شریک ہوں گے، سپورٹس بورڈ پنجاب فٹ بال کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات کررہا ہے۔

متعلقہ عنوان :