یو م دفاع بھرپور انداز میں منانا اس عزم کا اظہار ہے کہ قوم وطن عزیز پاکستان کے دفاع کیلئے ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کیلئے تیار ہے، حافظ محمد سعید

بدھ 5 ستمبر 2018 23:09

یو م دفاع بھرپور انداز میں منانا اس عزم کا اظہار ہے کہ  قوم وطن عزیز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 ستمبر2018ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ 6ستمبر 1965پاکستان کی تاریخ کا وہ روشن باب ہے جب پوری پاکستانی قوم نے افواج پاکستان کے ساتھ مل کر دشمن کو ناکوں چنے چبوائے اور ازلی دشمن بھارت کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے۔یوم دفاع بھرپور انداز میں منانا اس عزم کا اظہار ہے کہ پاکستانی قوم وطن عزیز پاکستان کے دفاع کیلئے ہر قسم کی قربانی پیش کرنے کیلئے تیار ہے۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ پاکستان کے دفاع کی خاطر پیش کی جانے والی قربانیاں پوری پاکستانی قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ چھ ستمبر کو عزم و ہمت کی وہ لازوال داستانیں رقم کی گئیں کہ جنہیں کبھی بھلایا نہیں جاسکتا۔ یہ دن ہمیں دفاع پاکستان کے لئے جانیں قربان کرنے والوں کی یاد دلاتا ہے۔

(جاری ہے)

حافظ محمد سعید نے کہاکہ پاکستان لاالہ الااللہ کی بنیاد پر لاکھوں جانوں کا نذرانہ پیش کر کے حاصل کیا گیا۔

دشمن قوتیں آج بھی اسے نقصان پہنچانے اور کمزور کرنے کی سازشیں کر رہی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ وطن عزیز پاکستان کے دفاع کیلئے نوجوان نسل میں وہی جذبے بیدار کئے جائیں جو ستمبر 1965ء میں تھے۔انہوںنے کہاکہ پوری پاکستانی قوم شہداء کی قربانیوں پر انہیں زبردست خراج عقید ت پیش کرتی ہے۔