سپریم کو ٹ نے مختلف اداروں کے صحافیوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس میں دو رکنی کمیٹی تشکیل دیدی

بدھ 5 ستمبر 2018 23:59

سپریم کو ٹ نے مختلف اداروں کے صحافیوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 ستمبر2018ء) سپریم کو ٹ نے مختلف اداروں کے صحافیوں کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس میں دو رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے معاملے سے متعلق تفصیلات طلب کرلی ہیںاورکیس کی مزید سماعت ملتوی کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ عدالت مقررہ کمیٹی کی طرف سے سفارشات کی روشنی میں اس معاملے پرآگے بڑھے گی ، عدالت نے دورکنی کمیٹی میں پرنٹ میڈیا کی جانب سے پرویز شوکت جبکہ الیکٹرانک میڈیا کی جانب سے طیب بلوچ کو نمائندہ مقرر کردیا۔

بدھ کو چیف میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی اس موقع پرسیون نیوز کے وکیل نعیم بخاری نے پیش ہوکرعدالت کو بتایا کہ ہماری جانب سے 6 افراد کی جولائی کی تنخواہ کے علاوہ تمام ملازمین کوتنخواہیںاداکردی گئی ہیں اورہم 11 ستمبر تک تمام بقایا جات ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران صحافی رہنما پرویز شوکت نے پیش ہوکرعدالت کو بتایا کہ چینل سیون ایک ٹھیکیدار کو دے دیا گیا، جبکہ نوائے وقت کو 3 ماہ سے تنخواہیں نہیں ملیں، اسی طرح دیگر ادارے بھی ہیں جہاں تنخواہوں کے معاملات درپیش ہیں ، جس پرچیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے دیگر مقدمات بھی سننے ہیں اس لئے اس معاملے کو مزید نہیں دیکھ سکتے، میں نے اندازہ لگایا ہے کہ اگرعدالتی نوٹس پرکام ہوجائے پھر بھی شکایت رہتی ہے۔

پرویز شوکت نے کہا کہ بول ملازمین کو بھی تنخواہ نہیں مل رہی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بول انتظامیہ کو 5 کروڑ روپے جمع کروانے کا حکم دیا گیا تھا، جس کی روشنی میں سیشن جج بول ملازمین کی تنخواہوں کے معاملے کو دیکھ رہے ہیں، میڈیا سے متعلق لوگوں کے اتنے زیادہ مسائل ہیں کہ ڈیمز کا معاملہ تو حل ہوجائے گا مگر یہ حل نہیں ہوگا، عدالت ایک ایک فرد کو نہیں سن سکتی،ہم پرنٹ میڈیا کے مسائل کے حل کے لیے پرویز شوکت اور الیکٹرانک میڈیا کے مسائل کے حل کے لیے طیب بلوچ کو نمائندہ مقرر کرتے ہیں، مقرر کردہ نمائندے اس معاملے کے بارے میں عدالت کو تفصیلات فراہم کریں۔بعدازاں عدالت نے مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔