حوثیوں کا بیلسٹک میزائل سعودی عرب کی فضاء میں تباہ،ملبہ گرنے سے 23 شہری زخمی

نجران پر داغے گئے میزائل حملے میں تمام شہریوں کو معمولی زخم آئے ان کی حالت خطرے سے باہر ہے،سعودی حکام

جمعرات 6 ستمبر 2018 11:59

حوثیوں کا بیلسٹک میزائل سعودی عرب کی فضاء میں تباہ،ملبہ گرنے سے 23 شہری ..
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 ستمبر2018ء) سعودی عرب کی فضائی ڈیفنس فورس نے یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل نجران کی فضاء میں تباہ کردیا تاہم اس کارروائی کے دوران کم سے کم 23 سعودی شہری زخمی ہوگئے۔عرب ٹی وی کے مطابق یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے کوشاں عرب فوجی اتحادکے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثیوں کی طرف سے صعدہ شہرسے ایک بیلسٹک میزائل سعودی عرب کے شہر نجران پر داغا گیا۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کے پیٹریاٹ میزائلوں نے خود کار کارروائی کرکے بیلسٹک میزائل فضاء ہی میں تباہ کردیا تاہم اس کے شیل آبادی پر آ گرے جس کے نتیجے میں کم سے کم تئیس شہری زخمی ہوگئے۔ تمام شہریوں کو معمولی زخم آئے ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔قبل ازیں بدھ کی شام سعودی حکام نے نجران پر حوثیوں کا میزائل حملہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔خیال رہے کہ حوثی شدت پسندوں کی جانب سے سعودی عرب پربیلسٹک میزائل حملے روز ک معمول بن چکے ہیں۔ یہ حملے اقوام متحدہ کی قراردادوں 2216 اور 2231 کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں۔