پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے آخری 15سال

قومی خزانے میں جب پیسے نہیں ہوں گے تومیڈیا کوکہاں سے اشہتار دیں گے؟ انٹرنیٹ اورکمپیوٹرائزیشن بڑھنے سے میڈیا کواب ڈیجیٹل کی طرف جانا پڑے گا،میڈیا کے حوالے سے قانون سازی متفقہ کریں گے۔وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 6 ستمبر 2018 16:51

پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے آخری 15سال
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔06 ستمبر 2018ء) وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے آخری 15سال ہیں،انٹرنیٹ اور کمپیوٹرائزیشن بڑھنے سے میڈیا کواب ڈیجیٹل کی طرف جانا پڑے گا،میڈیا کے حوالے سے قانون سازی متفقہ کریں گے،اس وقت سارا میڈیا پیمرا آرڈیننس پرچل رہا ہے۔ انہوں نے آج یہاں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 28ہزار کروڑ روپیہ ہمارااس وقت غیرملکی قرضہ ہے۔

پرویز مشرف کی حکومت گئی تویہ قرضہ 6ہزار کروڑ، زرداری کی حکومت گئی توملکی قرضہ 13ہزار کروڑ تھا لیکن اب ملکی قرضہ جب نوازشریف کی حکومت گئی ہے تواب قرضہ 28ہزار کروڑ روپے ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر سرکاری خزانے یہ حال ہوگا سرکاری خزانے میں پیسے نہیں ہوں گے توظاہر ہے کہ میڈیا کے اشتہارات کیلئے بھی پیسے نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے لوگو ں کی ترقی کیلئے پیسے نہیں ہوں گے، سکولوں کیلئے پیسے نہیں ہوں گے،تعلیم و صحت کیلئے پیسے نہیں ہوں گے توسب سے پہلے میرا اور میڈیا والوں کا فرض ہے کہ ہمیں مشترکہ سوچ اپنانا ہوگی، کہ ہم سب نے ملک کواوپر لے کرجانا ہے اس میں ہم سب کا اجتماعی فائدہ توہے لیکن ہمارا ذاتی فائدہ بھی اسی میں وابستہ ہے۔

ہم اگر چاہتے ہیں کہ میڈیا کوفنڈز دیے جائیں تواگر ملک امیر ہوگا تومیڈیا کوبھی فنڈز دے سکتے ہیں لیکن اگر ملکی خزانے میں ہی کچھ نہیں ہوگا تومیڈیا کوکیسے پروموٹ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سویلین ادارے اس وقت بالکل غیرفعال ہوچکے ہیں۔میڈیا پیمرا آرڈیننس پرچل رہا ہے۔پریس کونسل آف پاکستان کے چیئرمین کوہٹا دیا گیا ہے۔ پی ٹی اے ایک الگ ادارہ ہے۔

جس طریقے سے کمپیوٹرائزین بڑھ رہی ہے۔انٹرنیٹ کی سپیڈ بڑھ رہی ہے۔ جیسے مغرب میں ہوا ہے۔ہمارے پرنٹ میڈیا کے یہ آخری 10سال ہیں، اسی طرح ہمارے الیکٹرانک میڈیا کے بھی آخری 10یا 15سال ہیں۔انہوں نے کہا کہ 1975ء سے 1999ء تک جوٹیکنالوجی کا انقلاب دیکھا ہے ۔اب اگلے 10سال میں ٹیکنالوجی کا بہت بڑا انقلاب آنے والا ہے۔پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کوبتا دوں کی یہ اب مستقبل نہیں ہے ۔ مستقبل کیلئے میڈیا کواب ڈیجیٹل کی طرف جانا پڑے گا۔