Live Updates

یوم دفاع و شہدائے پاکستان ، سوشل میڈیا پر عمران خان ، آرمی چیف اور چیف جسٹس کی پینٹنگ وائرل

وزیراعظم ، آرمی چیف اور چیف جسٹس کی اس پینٹنگ پر سوشل میڈیا صارفین کے تبصرے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 6 ستمبر 2018 17:06

یوم دفاع و شہدائے پاکستان ، سوشل میڈیا پر عمران خان ، آرمی چیف اور چیف ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔06 ستمبر 2018ء) : آج ملک بھر میں 6 ستمبر کی مناسبت سے یوم دفاع و شہدا پاکستان منایا جارہا ہے۔ اس دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔اس موقع پر سرکاری اور غیرسرکاری سطح پر خصوصی تقریبات کا انعقاد بھی کیا گیا۔ آج کے دن ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جبکہ مساجد میں خصوصی طور پر ملک کی ترقی، خوشحالی اور امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔

جی ایچ کیو راولپنڈی میں یوم دفاع اور یوم شہداء کے حوالے سے مرکزی تقریب آج رات 8 بجے منعقد کی جائے گی جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم عمران خان ہوں گے،اس کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ،تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،چیئرمین سینٹ ،اسپیکر قومی اسمبلی ،وفاقی وزراء،غیر ملکی سفارتکاروں ،ریٹائرڈ اور حاضر سروس فوجی حکام ،مسلح افواج کے شہداء کے لواحقین کی بڑی تعداد شریک ہو گی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے آج سوشل میڈیا پر بھی کئی تصاویر وائرل ہوئیں جن میں شہدائے پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور وطن کی خاطر ان کی خاطر خواہ قربانیوں کو سراہا گیا ۔ جہاں آج سوشل میڈیا پر شہدائے پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کی تصاویر وائرل ہوئیں وہیں ایک اور تصویر بھی سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کر رہی ہے، یہ تصویر کسی شہید کی نہیں بلکہ وزیراعظم عمران خان ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی ایک پینٹنگ ہے۔

اس پینٹنگ میں تینوں کو کسی عہد کی تجدید کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر مقبولیت حاصل کرنے والی اس پینٹنگ پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی تبصروں کا آغاز کر دیا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ یہ پینٹنگ محب وطن پاکستانیوں کی پینٹنگ ہے۔ اور ان تینوں شخصیات کے پیچھے بنایا گیا چاند ستارہ اس بات کی نشاندہی کر رہا ہے کہ اس پرچم کے سائے تلے ہم سب ایک ہیں، ہمارا ایک وطن ، ایک جذبہ اور ایک ہی مقصد ہے کہ ہمیں اپنے ملک پاکستان کو بہترین ملک بنانا ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ یہ پینٹنگ دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ جیسے پاکستان کی تینوں پسندیدہ شخصیات مل کر عہد کر رہی ہوں کہ ہم پاکستان کو بہترین ملک بنائیں گے اور اس قوم کی حفاظت کریں گے۔ کچھ مبصرین نے یہ بھی کہا کہ یہ پینٹنگ ملک میں آنے والی حقیقی تبدیلی کی عکاس ہے ، جس کا مطلب یہ ہے کہ ملک کے حکمران، افواج پاکستان اور ادارے ایک ہی پیج پر ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات