Live Updates

وزیراعظم عمران خان کے ہیلی کاپٹر کا خرچ 55 روپے فی کلومیٹر کیسے بنتا ہے؟

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں تفصیلات بتا دیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 6 ستمبر 2018 17:46

وزیراعظم عمران خان کے ہیلی کاپٹر کا خرچ 55 روپے فی کلومیٹر کیسے بنتا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔06 ستمبر 2018ء) : وزیراعظم عمران خان کے عہدہ سنبھالتے ہی ان کے ہیلی کاپٹر پر سفر کرنے پر تنقید شروع ہو گئی جس کے بعد وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے ایک بیان دیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے ہیلی کاپٹر پرسفر کرنے پر 55 روپے فی کلومیٹر آتا ہے جس کے بعد ناقدین کی توپوں کا رُخ فواد چودھری کی طرف ہو گیا اور سوشل میڈیا صارفین یہاں تک کہ میڈیا نمائندگان نے بھی فواد چودھری کے اس بیان کا خوب تمسخر اُڑایا۔

تاہم اب فواد چودھری نے اپنے اس بیان کی وضاحت کر دی ہے۔ نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ میں نے 55 روپے فی کلومیٹر ہیلی کاپٹر کے سفر کا بیان دیا تھا ، میں نے یہ بیان کس وجہ سے دیا اور اس کے پیچھے کی کہانی کیا ہے ، پہلی بات تو یہ ہے کہ ہیلی کاپٹر وزیراعظم عمران خان کا اپنا ہے ، ان کو اس ہیلی کاپٹر کا کرایہ ادا نہیں کرنا پڑتا۔

(جاری ہے)

ہیلی کاپٹر کا پائلٹ بھی وزیراعظم عمران خان کا اپنا ہے ، اس حوالے سے بھی کوئی کرایہ نہیں ہے، ہیلی کاپٹر میں خرابی پیدا ہونے کی صورت میں تکنیکی ماہرین بھی وزیراعظم عمران خان کے اپنے ہیں ، ان کو بھی کچھ نہیں دے رہے۔ جب خورشید شاہ نے کہا تھا کہ ہیلی کاپٹر پر ایک ٹرپ کا 3 لاکھ روپیہ لگتا ہے،تو میں نے گوگل پر دیکھا کہ اگر ایک ہیلی کاپٹر پر سفر کیا جائے تو اس پر کتنا ایندھن خرچ ہوتا ہے؟ جب مرسڈیز وغیرہ کا استعمال کیا جاتا ہے تو ان میں ہائی آکٹین ایندھن کے طور پر استعمال ہوتا ہے جس سے کئی گاڑیوں پر سفر کرنا ایک ہیلی کاپٹر پر سفر کرنے سے کئی گنا مہنگا پڑتا ہے۔

کوئی بھی جا کرہیلی کاپٹر کے فیول چارجز سے متعلق معلوم کر سکتا ہے، ایک ہیلی کاپٹر کے فیول چارجز اتنے ہی ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب بات آتی ہے سرکاری ہیلی کاپٹر اور طیاروں پر نواز شریف کے بچوں مریم نواز ، حسن نواز اور حسین نواز کے سفر کرنے کی، ہم نے نواز شریف کے سرکاری ہیلی کاپٹر یا جہاز استعمال کرنے پر سوال نہیں اُٹھایا ، ہم نے ان کے بچوں کے سفر کرنے پر اعتراض اُٹھایا تھا۔ جن لوگوں کو یہ سہولت نہیں ہوتی انہیں ہیلی کاپٹر یا سرکاری طیارے کمرشل ریٹس پر پڑتے ہیں۔ فواد چودھری نے مزید کہا کہ عمران خان جب ہیلی کاپٹرپر سفر کرتے ہیں تو نیچے زمین پر بھی سکیورٹی کی گاڑیاں موجود نہیں ہوتیں۔ فواد چودھری نے اس حوالے سے مزید کیا کہا آپ بھی دیکھئے:
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات