حکومت نے اپنے سوروزہ پلان کا پہلا تحفہ عوام کو سوئی گیس کی قیمتوں میں 46فیصد اور بجلی کے نرخوں میں دو روپے فی یونٹ اضافے کی شکل میں دیدیا ہے،سکندر حیات شیرپائو

جمعرات 6 ستمبر 2018 19:42

حکومت نے اپنے سوروزہ پلان کا پہلا تحفہ عوام کو سوئی گیس کی قیمتوں میں ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 ستمبر2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائونے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنے سوروزہ پلان کا پہلا تحفہ عوام کو سوئی گیس کی قیمتوں میں 46فیصد اور بجلی کے نرخوں میں دو روپے فی یونٹ اضافے کی شکل میں دیدیا ہے۔انھوں نے کہا کہ سوئی گیس اور بجلی کے نرخوں میں حالیہ اضافہ انتہائی ظالمانہ اقدام ہے اور قومی وطن پارٹی اسے مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس اقدام سے مہنگائی کا طوفان امڈ آئے گا جو غریب عوام کی پریشانیوں میں مزید اضافے کا باعث بنے گا۔اپنے ایک بیان میں انھوں نے سوئی گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کو غریب عوام پرریگریسیو ٹیکس قرار دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے شروعات ہی میں عوام دشمن پالیسیاں اپنا کر عوام کومہنگائی کے دلدل میں دھکیل دیا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں چند پیسے کمی کا ڈرامہ رچا کر سوئی اور بجلی کی قیمتیں بڑھا دی جوکہ کسی صورت قابل برداشت نہیں اور یہ ملک کے غریب عوام پر ظلم کے مترادف ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت کے غیر منصفانہ اقدامات سے پی ٹی آئی کی قیادت کی حالیہ انتخابات میں عوام کو ریلیف دینے کے بلند و بانگ اور کھوکھلے نعرے بے نقاب اور ان کی اصلیت عوام پر عیاں ہو چکی ہے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی قوم پر مزید بوجھ ڈالنے اور حکومت کی من مانی برداشت نہیں کرے گی اور نہ ہی غریب عوام کو بے رحم حکومت کے رحم و کرم پر چھوڑا جائے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ حکومت فوری طور پر سوئی گیس اور بجلی کے نرخوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لے کر عوام کو تمام سطحوں پر ریلیف دینے کے اپنے انتخابی وعدوں کو عملی جامہ پہنائے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی ہر مشکل گھڑی میں عوام کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی اور ہر فورم پر ان کے حقوق کیلئے آواز اٹھاتی رہے گی۔