گورنر سندھ عمران اسماعیل سے کمانڈر کراچی پاکستان نیوی ریئر ایڈمرل آصف خالق کی ملاقات

جمعرات 6 ستمبر 2018 20:20

گورنر سندھ عمران اسماعیل سے کمانڈر کراچی پاکستان نیوی ریئر ایڈمرل ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 ستمبر2018ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل سے کمانڈر کراچی پاکستان نیوی ریئر ایڈمرل آصف خالق نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں 6 ستمبر یوم دفاع، پاک بحریہ کی کارکردگی، جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نیوی کے جوانوں کی تیاریوں، سمندری سرحدوں کی نگہبانی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق گورنر سندھ نے کہا کہ 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان اس عہد کی یاد تازہ کرتا ہے جب پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کے عزائم خاک میں ملادیئے تھے، جنگ ستمبر کے دوران پاکستان نیوی نے زبردست صلاحیتوں سے دشمن کو سمندری حدود سے باہر رکھا جو پاک بحریہ کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ قومی سمندری سرحدوں کی ضمانت ہے جو ہر قسم کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے، پاک نیوی کی صلاحیتوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بحریہ کی صلاحیتوں کو مزید بڑھانے کے لئے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی، خطہ کے بدلتی ہوئی صورتحال میں پاک بحریہ کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں، پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ساتھ کھڑی ہے۔ ملاقات میں کمانڈر کراچی ریئر ایڈمرل آصف خالق نے گورنر سندھ کو پاکستان نیوی کی تیاریوں، سامان حرب، جدید تقاضوں کے مطابق جوانوں کی تربیت اور دیگر امور سے تفصیلی آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ 6 ستمبر یوم دفاع پاکستان بحریہ بھی بھرپور طریقہ سے منارہی ہے۔