کابل، داعش نے دو خودکش دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی

جمعرات 6 ستمبر 2018 23:38

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 ستمبر2018ء) داعش نے کابل میں ایک روز قبل ہونیوالے دو خودکش دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے جن میں کم از کم 26 شہری ہلاک ہوئے، جمعرات کو افغانستان میں سوگ منایا گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں کھلاڑی، امدادی کام سے وابستہ کارکنان اور صحافی شامل تھے۔امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق داعش نے اپنے خودساختہ خبر رساں ادارے، ’عمق‘ کے ذریعے حملے کی ذمے داری قبول کی ہے۔

وزارت صحت کے ترجمان وحید مجروح نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ مختلف اسپتالوں میں تقریباً 100 افراد کا علاج جاری ہیجو ایک روز قبل زخمی ہوئے تھے۔پولیس اور عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ پہلا دھماکہ اس وقت ہوا جب ایک خودکش بم حملہ آور نے کھیلوں کے ایک مرکز کے اندر اپنے آپ کو بھک سے اڑا دیا، جہاں کشتی کا مقابلہ جاری تھا۔

(جاری ہے)

دوسرے خودکش حملہ آور نے آتشیں مواد سے بھری گاڑی میں اٴْس وقت دھماکہ کیا جب پولیس، ذرائع ابلاغ اور ہنگامی امدادی کارکن پہلے دھماکے کے بعد جائے واردات پر پہنچ چکے تھے۔

کار دھماکے سے دو صحافی ہلاک ہوگئے جن کا تعلق ملک کے بڑے نجی ٹیلی ویڑن چینل، ’طلوع نیوز‘ سے تھا، جب کہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔اسپتال کے اہلکاروں نے دو دیگر صحافیوں کو آنے والے زخموں کو ’’انتہائی شدید‘‘ قرار دیا ہے۔