میرے 20 لاکھ روپے واپس کیے جائیں

سابق صدر پرویز مشرف نے اکبر بگٹی قتل کیس میں 20 لاکھ روپے مچلکوں کی واپسی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 7 ستمبر 2018 14:05

میرے 20 لاکھ روپے واپس کیے جائیں
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔07 ستمبر 2018ء) سابق صدر پرویز مشرف نے 20 لاکھ روپے مچلکوں کی واپسی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کی جانب سے دائر زرضمانت کی واپسی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے اس پر بینچ بھی تشکیل دے دیا ہے۔مشرف کے جانب سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کرے گا۔

یہ بنچ 12 ستمبر کو پرویز مشرف کی زرضمانت واپسی کی درخواست کی سماعت کرے گا۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پرویز مشرف کو اکبر بگٹی کیس سے بری کیا جا چکا ہے اس لیے زضمانت واپس کیے جائیں۔ واضح رہے سابق صدر پرویز مشرف کو اکبر بگٹی قتل کیس میں 10,10لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم ملا تھا۔

(جاری ہے)

پرویز مشرف نے اکبر بگٹی قتل کیس میں 10،10 لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کرائے تھے اور عدالت نے 20 لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ان کی ضمانت منظور کی تھی۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بلوچ رہنما نواب اکبر بگٹی کے مقدمۂ قتل میں پرویز مشرف سمیت تین نامزد ملزمان کو بری کر دیا تھا۔جنوری 2016 میں کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اکبر بگٹی قتل کیس میں نامزد سابق صدر پرویز مشرف، سابق وفاقی وزیرداخلہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور سابق صوبائی وزیر داخلہ میر شعیب نوشیروانی کو بری کردیا تھا۔

خیال رہے نواب محمد اکبر خان بگٹی 26 اگست 2006 کو ڈیرہ بگٹی اور کوہلو کے درمیانی علاقے ترتانی میں ایک فوجی آپریشن کے دوران ہلاک ہوگئے تھے۔تاہم پرویز مشرف کو اس مقدمے میں بری کر دیا گیا تھا جس کے بعد اب انہوں نے مذکورہ مقدمے میں 20 لاکھ روپے مچلکوں کی واپسی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا ہے۔