تمہیں بھی اسی طرح مار دیں گے جیسے امجد صابری کو مارا

پولیس کے بد ترین تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون قوال سیدہ نادیہ شاہ نے اعلی حکام سے انصاف کی اپیل کر دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 7 ستمبر 2018 15:49

تمہیں بھی اسی طرح مار دیں گے جیسے امجد صابری کو مارا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔07ستمبر 2018ء) قوال لڑکی سیدہ نادیہ شاہ بخاری نے انصاف لینے کے لیے سوشل میڈیا کا سہارا لے لیا۔تفصیلات کے مطابق سیدہ نادیہ شاہ بخاری کا اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہنا ہے کہ مجھے آپ سب لوگوں کے ساتھ اپنی کہانی شئیر کرنی ہے۔میرے پاس الفاظ نہیں ہیں کہ میں اپنے ساتھ پیش آیا واقعہ بیان کروں۔میں قوالی کے پیشے میں تین سال سے ہوں اور میری اللہ کے سوا کسی نے مدد نہیں کی۔

مثبت مقام حاصل کرنے کے لیے میں اللہ کے ولیوں سے مدد مانگنے درگاہوں پر جاتی ہوں۔مجھے قوالی پڑھتے ہوئے تین سال ہو گئے لیکن آج تک کسی پولیس والے کی جرات نہیں ہوئی کہ مجھ پر ہاتھ اٹھائے۔ شیر شاہ کے اندر ایک دربار ہے۔ وہاں جیسے ہی میری قوالی ختم ہوئی تو ایک مختیار پون نامی ایس ایچ او قریبا 15 غنڈوں کے ساتھ دربار میں داخل ہوا ان میں سے کچھ سادہ لباس میں تھے جب کہ کچھ وردی میں تھے۔

(جاری ہے)

ان سب نے مجھے مارنا شروع کر دیا۔اور مجھے مارتے ہوئے تھانہ شیر شاہ لے گئے۔مجھے لوگوں کے اتنے بڑے مجمع میں بے دردی سے مارا گیا۔اور میرے پورے اہل خانہ کو یرغمال بنایا۔مجھ پر ایف آئی آر کاٹ لی گئی اور ابھی بھی جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں اور کہا کہ جیسے امجد صابری کو مار دیا ویسے تمہیں بھی مار دیں گے۔قوال لڑکی سیدہ نادیہ شاہ بخاری نے صدر پاکستان، چیف جسٹس، آئی جی سندھ سمیت تمام اعلی حکام سے انصاف کی اپیل کی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ قوالی پڑھنا میرا جرم بن گیا ہے کیا؟۔میری چھوٹی بہن کو بھی اس بے دردری سے مارا گیا کہ اسے ہیپاٹائٹس بی ہو گیا جب کہ والدہ بھی بیمار ہیں۔ہماری کفالت کرنے والا کوئی نہیں ہے۔کیا یتیم ہونا ہمارا جرم ہے ؟ ہم یتیموں پر اب یہ ظلم بند ہونا چاہئیے۔جب کہ ایک میڈیا رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ محکمہ اوقاف کا ایک اعلی افسر سیدہ نادیہ شاہ کو جنسی ہوس پوری کرنے پر مجبور کر رہا ہے انکار کرنے پر ان کے خلاف جھوٹا مقدمہ بنایا گیا۔