اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فوری فراہمی کے لئے لوکل گورنمنٹ کا نیا نظام لایا جارہا ہے،گورنر پنجاب

چوہدری محمد سرور نئے نظام کے تحت میئر، ڈسٹرکٹ چیئرمین اور ضلعی ناظم کا انتخاب براہِ راست ہوگا، تمام بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر منعقد ہوں گے، اجلاس سے خطاب

جمعہ 7 ستمبر 2018 23:16

اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فوری فراہمی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 ستمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فوری فراہمی کے لئے لوکل گورنمنٹ کا نیا نظام لایا جارہا ہے۔ نئے نظام کے تحت میئر، ڈسٹرکٹ چیئرمین اور ضلعی ناظم کا انتخاب براہِ راست ہوگا جبکہ تمام بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر منعقد ہوں گے۔

یہ بات انہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی۔ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر پنجاب عبدالعلیم خاں، صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور پنجاب راجہ بشارت ، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب عارف انور بلوچ اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب عارف انور بلوچ نے نئے نظام پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایا گیا کہ نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم میں یونین کونسل کے چیئر مین کو مالیاتی و انتظامی اختیارات دیئے جائیں گے اور فنڈز کے شفاف استعمال کو یقینی بنانے کے لئے بلدیاتی نمائندوں کی مانیٹرنگ بھی کی جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پانچ بڑے ڈوویژنز لاہور، گوجرانوالہ ، ملتان، فیصل آباد اور راولپنڈی کو دو یونٹوں شہری و دیہی حصوں میں تقسیم کیا جائے گا۔

شہری علاقوں میں ضلعی ناظم جبکہ دیہی علاقوں میں ڈسٹرکٹ چیئر مین کا انتخاب کیا جائے گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمارا فوکس اداروں کو درست کرنا ہے جبکہ ماضی میں اداروں کو صحیح سمت پر چلانے کی بجائے اُن کے متوازی نظام لایا گیا جس سے اداروں کی کارکرگی متاثر ہوئی۔ قبل ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم سوری اور سابق وزیر اعظم میر بلخ شیر مزاری نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے چوہدری محمد سرور کو گورنر پنجاب بننے پر مبارکباد ی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔