جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و ترقی کے لیے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر، پاکستان کا اس حوالے سے مئوقف واضح ، ٹھو س اور غیر متزلزل ہے، سید علی گیلانی

ہفتہ 8 ستمبر 2018 14:02

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 ستمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے اس حوالے سے پاکستان کے واضح ، ٹھوس اور غیر متزلزل مئوقف کو سراہا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں پاکستان کی نومنتخب حکومت کے ساتھ کشمیریوں کی توقعات اور امیدوںکا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کے ایک فریق ہونے کی حیثیت سے پاکستان پر یہ اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے اور اس ضمن میں اقوام متحدہ کے علاوہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ملکوںکے ساتھ اپنے سیاسی اور سفارتی رابطوں میں تیزی لائے۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی نے کشمیر کے حوالے سے بھارت کے غیر حقیقت پسندانہ رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے تاریخی حقائق کے سراسر منافی قرار دیا۔دریں اثناء حریت کانفرنس کے رہنمائوں اور کارکنوں نے قابض بھارتی فوجیوں کی قتل وغارت ، جیلوں میں نظر بند کشمیریوں کی حالت زار اور مقبوضہ علاقے میں ہونے والے نام نہاد پنچایتی اور بلدیاتی انتخابات کے خلاف مشترکہ حریت قیادت کی کال پر آبی گزر سرینگر میں ایک پُرامن جلوس نکالا۔

جلوس کی قیادت سینئر حریت رہنماء محمد یاٰسین عطائی نے کی جبکہ اس میں بلال احمد صدیقی، مولوی بشیر عرفانی، سید محمد شفیع، محمد یوسف نقاش، نثار حسین راتھر، یاسمین راجہ، غلام محمد ناگو، خواجہ فردوس، منظور غازی، امتیاز احمد شاہ اور غلام قادر کشمیری کے علاوہ سینکڑوں حریت کارکن شریک تھے ۔ محمد یاسین عطائی نے اس موقع پر اپنی تقریر میں کہا کہ کشمیریوں نے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور مقبوضہ علاقے میں ہونے والے کسی بھی قسم کے انتخابات حق خود ارادیت کا ہرگز نعم البدل نہیں۔

انہوں نے غیر قانونی طور پر نظربند شبیر احمد شاہ، مسرت عالم بٹ، ڈاکٹر قاسم فکتو، الطاف احمد شاہ، پیر سیف اللہ، ایاز اکبر، راجہ معراج الدین کلوال، شاہد الاسلام، فاروق احمد ڈار، نعیم احمد خان، محمد اسلم وانی، شاہد یوسف، ڈاکٹر غلام محمد بٹ، مظفر احمد ڈار، آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین ،، ڈاکٹر شفیع شریعتی، غلام قادر بٹ، نذیر احمد شیخ، غلام محمد خان سوپوری، محمد یوسف میر، محمد یوسف فلاحی، عبدالغنی بٹ، بشیر احمد قریشی، عمر عادل ڈار، مشتاق الاسلام، فاروق توحیدی، اسداللہ پرے، حکیم شوکت، عبدالرشید مغلو اور دیگر کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے تمام سیاسی نظر بندوںکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنمائوں اور کارکنوں نے بھی بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں بیگناہ شہریوں کے قتل اور جیلوں میں غیر قانونی طور پر نظر بندکشمیریوں کی حالت زار کے خلاف مشترکہ حریت قیادت کی کال پر سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ جے کے ایل ایف کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے پارٹی رہنمائوں کی قیادت میں سرینگر کے علاقے مائسمہ میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر آزاد ی کے حق میں اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کے خلاف نعرے لگائے۔