مچھلی کی جدید خطوط پر افزائش و برآمدات کو بڑھانے کے لئے جامع ایکشن پلان تیار کیا جا رہا ہے : گورنر پنجاب

بین الاقوامی معیار کے فش فارمز تیار کرنے کے لئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی : چوہدری محمد سرور

ہفتہ 8 ستمبر 2018 20:41

مچھلی کی جدید خطوط پر افزائش و برآمدات کو بڑھانے کے لئے جامع ایکشن پلان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 ستمبر2018ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ مچھلی کی جدید خطوط پر افزائش اور اس کی برآمدات کو بڑھانے کے لئے نجی شعبے کے اشتراک سے ایک جامع پلان تیار کیا جا رہا ہے۔ بین الاقوامی معیار کے فش فارمز تیار کرنے کے لئے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ انہو ں نے سیکرٹری فشریز کو کہا کہ اس سلسلے میں دس یوم کے اندر قابل عمل سفارشات مرتب کر کے انہیں پیش کی جائیں ۔

یہ بات انہوں نے یہاں گورنر ہاؤس میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں صوبائی وزیر برائے وائلڈ لائف ، جنگلات و فشریز سبطین خان ، سیکرٹری فشریز اسد اللہ خاں ، سیکرٹری ٹو گورنر صائمہ سعید ، ڈی جی فشریز ڈاکٹر سکندر حیات کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے سیکرٹری وائلڈ لائف و فشریز کو ہدایت کی کہ وہ صوبہ بھر میں مچھلی کی پیدوار ، برآمدات و درآمدات سے متعلق مکمل ڈیٹا تیار کریں اس کے علاوہ دریاؤں و نہروں کے ارد گرد سٹیٹ لینڈ کی نشاندہی کریں تاکہ اس زمین کو استعمال میں لا کر فش کارنر بنائے جائیں تاکہ مچھلی کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے ۔

انہوں نے کہاکہ غیر ملکی ماہرین کی مشاورت سے ایسی سیڈ فش پاکستان لائیں جو جلد از جلد تیار ہو کر مارکیٹ میںفراہم کی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ منافع حاصل ہو سکے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو اس سیکٹر میں سرمایہ کاری کے لئے مدعو کیا جائے گا اور ان کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کو فش فارم تیار کرنے کے لئے لائسنس اور زمین لیز پر دی جائے گی ۔ چوہدری سرور نے کہا کہ ہمیں اپنا ٹارگٹ سیٹ کرنا ہے اور مچھلی کی پیداوار کو ہر سال بڑھانا ہے ۔