علی ٹاور آتشزدگی میں صاف پانی کمپنی کا ریکارڈ جلائے جانے کا دعویٰ

لاہور کی ایم ایم ایم عالم روڈ پر واقع عمارت شہباز شریف کے داماد علی عمران کی ملکیت، سابق وزیراعلی پنجاب کے داماد صاف پانی اسکینڈل کے مرکزی کردار ہیں

muhammad ali محمد علی ہفتہ 8 ستمبر 2018 21:06

علی ٹاور آتشزدگی میں صاف پانی کمپنی کا ریکارڈ جلائے جانے کا دعویٰ
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 ستمبر2018ء) علی ٹاور آتشزدگی میں صاف پانی کمپنی کا ریکارڈ جلائے جانے کا دعویٰ، لاہور کی ایم ایم ایم عالم روڈ پر واقع عمارت شہباز شریف کے داماد علی عمران کی ملکیت، سابق وزیراعلی پنجاب کے داماد صاف پانی اسکینڈل کے مرکزی کردار ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ہفتے کی شام کو لاہور کی مشہور و معروف عمارت علی ٹاور میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔

لاہور کی مصروف ترین شاہراہ ایم ایم عالم روڈ پر واقع بلند و بالا عمارت پر لگنے والی آگ دور دراز کے علاقوں سے بھی دیکھی گئی۔ علی ٹاور میں لگنے والی آگ کے باعث عمارت کا خارجی راستہ بند ہو گیا اور عمارت میں موجود لوگوں کو نکالنے میں شدید مشکلات پیش آئیں۔ عمارت کا خارجہ راستہ بند ہو جانے کے باعث کچھ افراد نے زندگی بچانے کیلئے چھلانگ بھی لگا دی جس کے باعث کئی افراد شدید زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق آگ عمارت کی چوتھی منزل پر لگی۔ اس عمارت میں دکانیں، شو روم، دفاتر اور رہائشی یونٹس بھی موجود ہیں۔ بعد ازاں یہ انکشاف سامنے آیا کہ صاف پانی اسکینڈل کے مرکزی کردار علی عمران علی ٹاون ٹاور کے مالک ہیں۔ علی عمران سابق وزیراعلی پنجاب اور صدر ن لیگ کے داماد بھی ہیں۔ اس حوالے سے وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بھی تہلکہ خیز انکشاف کیا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا دعویٰ ہے کہ مبینہ طور پر علی ٹاون ٹاور میں لگنے والی آگ جان بوجھ کر لگائی گئی۔ عمارت میں رہائش پذیر ایک خاتون نے بتایا ہے کہ عمارت میں موجود علی عمران کا دفتر بظاہر تو بند تھا تاہم وہاں کچھ روز سے 24 گھنٹے کام چل رہا تھا۔ جبکہ کئی روز سے عمارت میں کئی مشکوک افراد کو آتے جاتے بھی دیکھا گیا۔ وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ علی ٹاون ٹاور میں لگنے والی آگ میں صاف پانی کمپنی کی دستاویزات جلائی گئی ہیں۔ اسی لیے علی ٹاون ٹاور میں لگنے والی آگ کی باقاعدہ تحقیقات بھی کروائی جائیں گی۔