Live Updates

پی ٹی آئی نے حلقہ این اے131سے ضمنی انتخاب کیلئے اپنے امیدوار کا حتمی فیصلہ کر لیا

این اے 131 کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار ہمایوں اختر ہوں گے، دو روز میں اعلان متوقع

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 9 ستمبر 2018 11:55

پی ٹی آئی نے حلقہ این اے131سے ضمنی انتخاب کیلئے اپنے امیدوار کا حتمی ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔09 ستمبر 2018ء) پی ٹی آئی نے حلقہ این اے131سے ضمنی انتخاب کیلئے اپنے امیدوار کا حتمی فیصلہ کر لیا۔ لاہور کے حلقہ این اے 131 میں وزیراعظم عمران خان نے سروے کے مطابق ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا تھا،ہمایوں اختر اور ولید اقبال ، دونوں نے ہی سروے میں کامیاب اُمیدوار ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ ہمایوں اختر کو این اے 131 کا ٹکٹ دینے اور ولید اقبال کو سینیٹر بنائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا۔

تاہم تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے131سے ضمنی انتخاب کیلئے اپنے امیدوار کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے،ذرائع کے مطابق اس حلقے سے پی ٹی آئی کے امیدوار ہمایوں اختر ہوں گے۔جب کہ فیصلے کا باقاعدہ اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق 14اکتوبر کو حلقہ این اے 131لاہور میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے لئےتحریک انصاف کے دو رہنمائوں ولید اقبال اور ہمایوں اختر کے ناموں پر غور کیا جا رہا تھا اور دونوں نے پارٹی ٹکٹ جاری ہونے سے قبل ہی انتخابی مہم کا سلسلہ بھی جاری کرکھا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت نے ہمایوں اختر کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کا باقاعدہ اعلان پیر تک متوقع ہے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ولید اقبال کو اسلام آباد طلب کر لیا جنہیں چوہدری محمد سرور کی جانب سے چھوڑی جانے والی سینیٹ کی نشست سے ٹکٹ جاری کیا جائے گا۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے عام انتخابات 2018ء میں پانچ حلقوں سے انتخاب لڑا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کو پانچوں حلقوں سے ہی انتخاب جیت کر ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا تھا۔ عمران خان نے این 53 اسلام آباد پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی،،، کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 43 پر ایم کیو ایم پاکستان کے علی رضا عابدی،،،عمران خان میانوالی میں اپنے آبائی حلقہ این اے 95 میں مسلم لیگ ن کے عبید اللہ شادی خیل، لاہورکے حلقے این اے 131 پر مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور بنوں کے حلقہ این اے 35 سے متحدہ مجلس عمل کے اُمیدوار اکرم درانی کو شکست دی تھی۔

تاہم عمران خان نے میانوالی سے اپنے آبائی حلقہ این اے 95 کی نشست رکھنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد باقی تمام نشستوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے ، ان حلقوں میں سے سب سے زیادہ زیر بحث لاہور کا حلقہ این اے 131 ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات