Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کھیلوں کے علاوہ دوسرے شعبوں میں ترقی کرے گا، سابق عالمی چیمپئن جان شیر خان

اتوار 9 ستمبر 2018 13:00

اسلام آباد ۔09 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2018ء) سکواش کے سابق عالمی چیمپئن جان شیرخان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک کھیلوں کے علاوہ دوسرے شعبوں میں ترقی کرے گا،گذشتہ روز جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے عمران خان کو پاکستان کا 22 و اں کامیاب وزیر اعظم منتخب ہونے پر اُن کو اور انکی ٹیم کو مبارک باد پیش کی اور اُمید ظاہر کی کہ ان کے دور حکومت میں پاکستان کامیابیوں کی منازل طے کرتا ہوا دنیا کا ایک بہترین اور خودمختار ملک بنے گا۔

10 سال تک سکواش کے میدان میں دنیا پر حکمرانی کرنے والے جان شیر خان نے اس اُمید کا بھی اظہار کیا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیربین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا پاکستان کی تمام سپورٹس اور بالخصوص پاکستان سکواش کی بحالی کے لئے اور اسکو کامیابی کی جانب گامزن کرنے اور دنیا بھر میں دوبارہ کھیلوںمیں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرینگے اور ساتھ ہی حکومتی سطح پر پاکستان سکواش فیڈریشن اور پاکستان ایر فورس کے ساتھ ملکر سکواش کو جو مسائل درپیش ہیں انکا ازالہ کرینگے، جان شیر خان کا کہنا تھا کہ نو منتخب وزیر اعظم چونکہ خود ایک بہت بڑے کھلاڑی رہ چکے ہیں اس لیے ان سے بہتر کھیل اور کھلاڑیوں کے مسائل کو کوئی نہیں سمجھ سکتا، چاربار سوپر سیریز کے ریکارڈ ہولڈر جان شیر خان نے وزیر اعظم عمران خان کی منتخب ٹیم کی جانب سے پی ٹی وی کے ایک نئے سپورٹس چینل کے اجراء پر انکے کردار کو بھی خوب سراہا جس پر کرکٹ کے علاوہ بقایا تمام کھیلوں کے مقابلوں کو دکھایا جائے گا جو کہ ایک بڑا اقدام ہے۔

(جاری ہے)

اس اقدام سے کرکٹ کے ساتھ ساتھ دیگر کھیلوںکو بھی ترجیح ملے گی جو کہ پہلے نہیں ملتی تھی، جان شیر خان نے کہا کہ پاکستان ایر فورس نے سکواش کے میدان میں 1950؁ء سے جو ناقابل تسخیر کردار ادا کیا ہے وہ قابل ستائش ہے،پاکستان سکواش فیڈریشن کو حکومت کی جانب جو 30فیصد فنڈ ملتا ہے وہ ناکافی ہے، پاکستان سکواش فیڈریشن کو بقایا 70 فیصد فنڈز پاکستان ایر فورس کی جانب سے ادا کیا جاتا ہے اور یہ پاکستان ایر فورس کا سکواش میں خصوصی دلچسپی اور لگائو کا ثبوت ہے جو ایک قابل تعریف ہے،عالمی چیمپئن جان شیر خان نے اُمید ظاہر کی ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا حکومت کی جانب سے ملنے والے 30 فیصد فنڈز کو بڑھانے اور حکومتی سطح پر سکواش کو تعاون کرنے میں بھی اپنا بھر پور کردار ادا کرینگے، جان شیر خان نے مذید کہا کہ ملک میں سکواش کے ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کو سخت سے سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے اور اسی محنت سے ہی سکواش میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کیا جا سکتا ہے، کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ ٹورنامنٹس میں شرکت کرنی چاہئے تاکہ کھلاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ پریکٹس ہو سکے،آخر میں انہوں نے کہا کہ سرینا ہوٹل چیف آف ائیر سٹاف انٹرنیشنل ٹورنامنٹ (آج) پیر سے اسلام آباد میں شروع ہو رہا ہے جس میں ملکی اور غیر ملکی مرد اور خواتین کھلاڑی شرکت کریں گے اور پاکستانی کھلاڑی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے ملک کا نام روشن کریں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات