موجودہ حکومت چودہ سو یوٹیلیٹی سٹورز بند کرنے کے بجائے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے 25ارب کے بقایا جات ادا کریں،فضل رحیم اتمانزئی

اتوار 9 ستمبر 2018 20:30

چارسدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 ستمبر2018ء) آل پاکستان یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن یونین سی بی اے کے مرکزی چیف آرگنائزر فضل رحیم اتمانزئی نے اپنے بیان میں کہاکہ موجودہ حکومت چودہ سو یوٹیلیٹی سٹورز بند کرنے کے بجائے یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے 25ارب کے بقایا جات ادا کریں انہوں نے کہا کہ نواز شریف حکومت نے یوٹیلیٹی سٹورز کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا تھا انہوں نے کہا کہ یوٹیلیٹی سٹورز غریب پرور ادارہ ہے اور اس کا براہ راست فائدہ غریب عوام کو پہنچتا ہے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے مشیر برائے صنعت و پیدا وار نے اپنی تقریر میں چودہ سو سٹورز بند کرنے کا اعلان کرکے یوٹیلیٹی سٹورز کے ملازمین کو سابقہ نواز حکومت کی یاد دلا دی ہے اورکہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے عوام سے وعدہ کیاہے کہ برسراقتدار آکر ایک کروڑ نوکریاں دیں گے لیکن مشیر برائے صنعت و پیدا وار کے تقریر سے ثابت ہوا کہ روزگاردینے کے بجائے بر سر روزگار لوگوں کو بے روز گار کرنے پر تلے ہو ئے ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سٹورزکو بند کرنا چودہ ہزار خاندانوں کے ساتھ ظلم ہوگا انہوں نے کہا کہ حکومت یوٹیلیٹی سٹورز کو اپنے سابقہ پوزیشن پر لانے میں بھر پور کوشش کریں گے ۔